اسلام آباد،پشاور (وقائع نگار خصوصی ،سٹاف رپورٹر، اے پی پی)ترجمان دفترخارجہ نے کہاہے کہافغان وزارت خارجہ نے ایس پی طاہر خان داوڑ کی لاش ملنے کے حوالے سے پاکستانی حکام کو آگاہ کر دیا ہے ۔ افغان حکام نے کابل میں پاکستانی سفارتخانے کو طاہر خان کی لاش ملنے کے حوالے سے تصدیق کی ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کی جانب سے جاری ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہافغان وزارت خارجہ نے ایس پی طاہر خان داوڑ کی لاش ملنے کے حوالے سے پاکستانی حکام کو آگاہ کر دیا ہے ۔ افغان حکام نے کابل میں پاکستانی سفارتخانے کو طاہر خان کی لاش ملنے کے حوالے سے تصدیق کی۔ افغان حکام نے آگاہ کیا ہے کہ کل ایک لاش ننگر ہار میں ملی جس کو مقامی پولیس کے حوالے کیا گیا۔ طاہر خان کا سروس کارڈ بھی لاش کے ساتھ دریافت کیا گیا ہے ۔طاہر خان کی لاش پاکستانی قونصلیٹ کے حوالے کی جائے گی۔میت کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد طور خم کے بارڈر سے پاکستان لا یا جائے گا۔ افغان سفارتخانہ اور پاکستانی سفارتخانہ افغان حکام کے ساتھ گزشتہ شب سے مسلسل رابطے میں ہے ۔ اس سلسلہ میں مزید معلومات سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ ادھر خیبرپختونخواکے وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی نے میڈیاکو بتایاکہ ایس پی طاہر داوڑ کی میت وصول نہیں کی جاسکی ۔پولیس ٹیم تمام دن طورخم بارڈرپر انتظارکے بعد واپس آگئی ہے تاہم جسد خاکی آج جمعرات کوپاکستان کے حوالے کئے جانے کی توقع ہے ۔ انہوں نے کہاکہ طاہرداوڑکی نمازجنازہ پشاورمیں ادا کی جا ئیگی جس کے بعد میت ورثائکے حوالے کی جا ئیگی۔ دریں اثناء پاکستان میں متعین افغانستان کے سفیر ڈاکٹر عمر زاخیل وال نے پشاورمیں ایک تقریب کے بعدمیڈیا سے گفتگو میں کہنا تھاکہ طاہر داوڑشہیدکے بارے میں مجھے بھی اتنا ہی پتہ ہے جتنا کہ میڈیاکوعلم ہے ۔ بہت افسوسناک واقعہ ہے اس پر سوالات اٹھیں گے کہ وہ کیسے اسلام آباد سے افغانستان پہنچے اور وہاں شہید ہوئے ۔ طاہر داوڑ کی شہادت کو اپنے جوان کا قتل سمجھتے ہیں ۔ایسے واقعات ختم ہونے چاہئیں اوردونوں ممالک کو اس کی تحقیقات کرنی چاہیے ۔