کراچی (سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کے زندگیوں کے بجائے معیشت کو بچانے کے بیانیہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ زندگیاں بچانے کیلئے صحت کی سہولیات بھی فراہم کرے اور معیشت بھی بچائے ، وفاقی حکومت کا کورونا اور ٹڈی دل سے متعلق غیر سنجیدہ رویہ خطرناک ہے ، وہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ سے ویڈیو لنک پر بریفنگ لے رہے تھے ، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کورونا سے متعلق سندھ حکومت کے اقدامات کو سراہتا ہوں، وفاقی حکومت ذمہ داریوں سے فرار اختیار نہیں کرسکتی ، ٹڈی دل کے حملے قحط کی صورت حال پیدا کرسکتے ہیں، قحط کی صورتحال پیدا ہوئی تو یہ وفاقی حکومت کی مجرمانہ غفلت ہوگی۔ ادھر چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے حضور بخش خاصخیلی ، پیپلز پارٹی فیصل آباد کی سیکرٹری اطلاعات سمیعہ ناز سے ان کے والد ، جسٹس (ر) شریف حسین بخاری ، معروف ادیب آصف فرخی و دیگر شخصیات کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔