فیصل آباد (سپیشل رپورٹر )فیصل آباد سے دل کے عارضے میں مبتلا بھارت کے شہر لدھیانہ علاج کیلئے جانے والی بچی زینب دم توڑ گئی ، زینب کے والد مجاہد نے بتایا گزشتہ رات ڈاکٹر ز نے بچی کے دل کا آپریشن کیا اور کہا آپ کی بچی بالکل ٹھیک ہوگئی اورصبح 4بجے بلا کرکہا کہ آپ کی بچی کی موت ہوگئی ہے ، 7 سالہ زینب کے دل میں 3 سوراخ تھے ، والد کو بچی کی میت واپس لانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جس پر اہل خانہ نے پاکستانی ہائی کمیشن سے مدد کیلئے اپیل کی۔ فیصل آباد کارڈیالوجی ہسپتال نے کہا تھا بچی کی سرجری میں اس کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہے جس کے بعد والد نے بھارت کے ایک ہسپتال میں رابطہ کیا ، جہاں ان کو یقین دہانی کر ائی گئی ان کے ہسپتال میں ایسے مرض میں لاحق بچوں کا علاج کیا جاتاہے ، علاج پر تقریباً 25 لاکھ روپے خرچ آنا تھا اور امداد وصول ہونے کے بعد زینب کے والد گزشتہ ہفتے زینب کو لیکر بھارت گئے تھے ، دریں اثنا دفتر خارجہ نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ زینب کی میت پاکستان لانے کیلئے اقدامات کئے جائیں، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے بھارت کی حکومت سے رابطہ کیا ہے ، بعد ازاں زینب کی میت واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان لائی گئی۔ زینب کی میت وصول کرنے کیلئے اس کے والدین کو 18گھنٹے کا طویل انتظار کرنا پڑا ۔ زینب کے والد مجاہد علی نے ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا جس میں بتایا گیا کہ زینب کی میت لینے کیلئے انہیں دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور کیا جارہا ہے جبکہ میت فیصل آباد آبائی گھر پہنچے پر کہرام مچ گیا ۔ علاج معالجے کیلئے تقریباً 15لاکھ روپے درکارتھے ، مجاہد علاج سے قاصر تھا مقامی تاجر شاہد رزاق نے اپنی ذمہ داری پر والدین کو بچی کے علاج کیلئے بھارت بھیجا۔