ملتان(مانیٹرنگ ڈیسک)سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمٰن نے کہاہے کہ کوشش ہے کہ سینٹ انتخابات میں ہمارے مشترکہ امیدوار ہوں ، سینٹ میں بھی دھاندلی کاانتظام ہورہاہے ،حکومت کوڈرہے ان کے امیدواروں کوانکے اپنے لوگ ہی ووٹ نہیں دینگے ،رشوت دینے ، لینے اور ویڈیو بنانے والوں کا تعلق پی ٹی آئی حکومت سے ہے ،جس گھرمیں رشوت دی گئی وہ بھی پی ٹی آئی کاہی ہے ۔ملتان میں میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے مولانافضل الرحمٰن نے کہالانگ مارچ ایک دن کا نہیں ہوگا،اسلام آبادمیں کئی دن ٹھہرنا پڑے گا، عوام کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈالنے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ،گرفتاریاں سیاسی میدان کا حصہ ہیں،ہم گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں، گرفتار یوں سے حکومت کیلئے مشکلات پیدا ہوں گی، کوئی ہم سے خرید و فروخت کی بات ہی نہیں کرسکتا، آصف زرداری سے ٹیلی فون پر بات ہوئی ہے ،ہم بعض جلسوں میں جاتے ہیں اوربعض میں نہیں جاتے ، سینٹ میں ایساکونساممبرہے جوہمارانہیں اس کی نشاندہی کریں،حکومت اوپن بیلٹ سے الیکشن کرانے کیلئے جتن کررہی ہے ،جہاں بیلٹ کالفظ ہوگاوہاں اوپن کاتصورہی نہیں کیاجاسکتا،تحریک انصاف جوامیدوارلارہی ہے وہ اپنی پارٹی میں بھی ناپسندیدہ ہیں۔