اسلام آباد،لاہور ،کراچی، شیخوپورہ، ساہیوال ، حافظ آباد،ملتان،وہوا ، شمالی وزیرستان،دیر بالا( وقائع نگار، اپنے سٹاف رپورٹر سے ،سٹاف رپورٹرز، مانیٹرنگ ڈیسک، ڈسٹرکٹ رپورٹرز،خبر نگار،نامہ نگار ،نمائندگان92 نیوز) گرمی اورلوڈشیڈنگ نے شہریوں کی چیخیں نکال دیں، شام کوقدرت کورحم آگیا۔ ملک بھر میں شدید گرمی کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوتی رہی، گجرات ، شیخوپورہ ، فیصل آباد ، سرگودھا میں بھی بجلی بند رہی جس سے شہری بلبلا اٹھے ۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور،راولپنڈی، گوجرانوالہ سمیت کئی شہروں میں موسلادھار بارش ہوئی جبکہ کئی مقامات پر چھتیں اڑ گئیں جس کے باعث بچوں سمیت پانچ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ۔ساہیوال، حافظ آباد اور دیگر کئی مقامات پر تیزآندھی سے بجلی کے کھمبے اوردرخت گرگئے ، لاہور میں بارش کے باعث200 سے زائدفیڈرٹرپ کرگئے ، جوڑے پل،جلو، فتح گڑھ، تاج باغ، باٹا پور، ہربنس پورہ ،ڈیوس روڈ سمیت متعدد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے ۔ گجرات،شیخوپورہ،فیصل آباد،سانگلہ ہل،چنیوٹ،سرگودھا میں بھی لوڈشیڈنگ رہی۔مریدکے کے علاقہ حسن پارک میں رحمت اﷲ نامی شخص کے مکان کی بالائی چھت تیز آندھی کے باعث اڑ کر ہمسایہ کی چھت پر آگری جس سے چھت پر موجود دو بچے جویریہ ، حبیب اﷲ ،30سالہ مزمل بی بی اور 65سالہ رحمت اﷲ شدید زخمی ہوگئے ، فاروق آباد کے علاقہ مکی موڑ سچا سودا میں 6سالہ بچی علیزہ ملبے تلے دب کر جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوگئے ۔ شیخوپورہ،ننکانہ اورتلہ گنگ میں بارش کے باعث گھروں کی دیواریں اورچھتیں گرنے سے 3بچے جاں بحق ہوگئے ۔ عارف والامیں دیوارگرنے سے 2بچے زخمی ہوگئے ، سیہون میں انڈس ہائی وے پربھگوٹوڑوکے قریب آندھی اور بارش کے دوران کارالٹ گئی،حادثے میں خاتون جاں بحق اور 4 افرادزخمی ہوگئے ،قصور،ننکانہ صاحب، جھنگ اور دینہ سمیت متعدد شہروں میں بجلی غائب رہی ۔ وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ تمام بلدیاتی اداروں میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 15گھنٹے تک پہنچ گیا ،جس پر گزشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان بحالی کمیٹی کے زیر اہتمام لوڈ شیڈنگ اور اووربلنگ کے خلاف کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اس دوران نعرے بازی بھی کی گئی۔ پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستارنے کہا کہ کے الیکٹرک کی طرف سے بجلی کے بلوں میں اضافہ منظور نہیں۔سندھ حکومت نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے کے الیکٹرک صارفین کیلیے بجلی 2 روپے 89 پیسے مہنگی کرنے کے فیصلہ کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ سندھ دشمنی کہ مترادف ہے ۔ صوبائی وزیر اسماعیل راہو نے کہا کہ کراچی میں بجلی ہوتی ہی نہیں تو تین روپے بجلی مہنگی کیوں کی گئی۔ ادھر پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی نے بھی کل غیر علانیہ طویل لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ کے خلاف کے الیکٹرک دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا ہے ۔ ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں آندھی اورتیزبارش نے تباہی مچادی، درجنوں مکانات کی چھتیں اور دیواریں منہدم ہوگئیں، کئی علاقوں میں بڑے سائز کے اولے پڑے ۔خیبرپختونخوا کے کئی علاقوں میں درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ،میرانشاہ میں طوفان سے موبائل ٹاور تباہ ہوگیا ۔