لندن( ویب ڈیسک) بین الاقوامی ماہرین نے برقیات اور طب کی دنیا میں ایک غیرمعمولی کام کیا ہے جسے بلاشبہ ایک کارنامہ قرار دیا جاسکتا ہے ۔ اس ٹیم نے مصنوعی عصبیہ یا نیورون تیار کیا ہے جو عین دماغی خلیات کی طرح کام کرتا ہے ۔ اگرچہ یہ ایجاد ابھی انسانی تجربات کے درجے تک بھی نہیں پہنچ سکی اور اسی بنیاد پر انسانی استعمال سے برسوں دور ہے لیکن مصنوعی نیورون اصل انسانی عصبئے کی طرح کام کرتے ہوئے الزائیمر اور دیگر اعصابی بیماریوں کو بہت حد تک ٹھیک کرسکے گا۔ اسے پیس میکر میں لگا کر قدرتی طور پر دل کی دھڑکن بحال رکھی جاسکے گی۔ اسے یونیورسٹی آف باتھ کے سائنسدانوں نے بنایا ہے ۔ اس کی تیاری میں رکاوٹیں کئی عشروں پر محیط ہیں۔ کہیں ٹیکنالوجی موجود نہ تھی تو کہیں بہت باریک الیکٹرونکس غائب ملی۔ تحقیق سے وابستہ پروفیسر ایلین نوگاریٹ نے بتایا کہ اس کی بدولت ہم صرف ایک دماغی خلیے کے تمام اصول اور کام کرنے کی تفصیل جان سکتے ہیں۔