اسلام آباد،لاہور،مظفر آباد،سرینگر(وقائع نگار خصوصی، خبر نگار خصوصی،وقائع نگار،خصوصی نیوز رپورٹر،نیوزایجنسیاں)دنیا بھر یوم شہدائے کشمیر منایا گیا۔ پاکستان نے کشمیریوں کیساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کشمیری شہداکو خراج عقیدت پیش کیا جبکہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع اسلام آباد میں ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی میں مزید2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ۔گزشتہ روزکنٹرول لائن کے دونوں جانب اوردنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے یوم شہدائے کشمیر منایا اورشہداء کا مشن جاری رکھنے کا عزم کیا۔یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال،بھارتی بابندیوڈ کے باوجود احتجاجی جلسے جلوس اور مظاہرے کئے گئے ۔قابض انتظامیہ نے مقبوضہ کشمیر میں سرکاری تعطیل ختم کر کے سخت پابندیاں کردیں۔سرینگر میں نقشبند صاحب کے مزارشداء کی طرف مارچ روکنے کیلئے کرفیو جیسی پابندیاں عائد کی گئیں۔ دریں اثنا مقبوضہ وادی کے کئی علاقوں میں بھارتی فوج نے محا صرے اور تلاشی آپریشن کے دوران جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے سابق ضلع امیر اسلام آبادمشتاق احمد وانی سمیت کئی افراد کو گرفتاربھی کر لیا ۔علاوہ ازیں پاکستان بھرمیں یوم شہداء کشمیر منایاگیا، کئی شہروں میں مذہبی جماعتوں اور سماجی تنظیموں کی طرف سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ایس اوپیز کے تحت تقریبات کاانعقادکیاگیاجن میں کشمیریوں کی جدوجہدکوخراج تحسین پیش کیاگیا۔اس موقع پر عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیاکہ وہ کشمیریوں کو آزادی کاحق دلائے اور بھارت کو کشمیریوں پر مظالم سے روکے ۔ یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر جموں و کشمیر حق خودارادیت فورم اور اتحاد اسلامی جموں کشمیر کے بھارتی سفارتخانے کے باہر احتجاجی مظاہرے میں مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور اقوام متحدہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کا حل نکالنے کیلئے کردار ادا کرے ۔یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر پیغام صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔ پاکستان کشمیر یوں کی اخلاقی،سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔وزیراعظم عمران خان نے اہل کشمیر کو جموں و کشمیر پر غیرقانونی و جابرانہ بھارتی قبضہ کیخلاف جاری جدوجہد پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی غاصبانہ بھارتی تسلط سے مکمل آزادی تک اس منصفانہ جدوجہد کی پشت بانی جاری رکھے گا، آزادی کا دن اب زیادہ دور نہیں۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کے حالیہ اقدامات نے کشمیریوں کو مزید متنفر کر دیا ہے ۔کشمیری بھارتی مظالم پر تکلیف میں ضرور ہیں لیکن تنہا نہیں ۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے ٹویٹ میں کہا کہ یومِ شہدا کشمیر کی تاریخ کا ایک روشن باب ہے جبکہ آج وادی جنت نظیر جہنم بن چکی ۔ فاشسٹ مودی کے ہاتھوں کشمیریوں کو بدترین بھارتی ریاستی بربریت کا سامنا ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے یوم شہدائکشمیر کے موقع پر کشمیریوں کیساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ پاکستانی حکومت اور عوام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے ۔ بی جے پی و آر ایس ایس حکومت نے رواں برس مقبوضہ کشمیر میں یوم شہدائے کشمیر پر علاقائی تعطیل کو ختم کر دیا،انکی پابندی کے باعث سرینگر میں خواجہ درگاہ نقش بندشہداء قبرستان میں شہداء کیلئے سرکاری گارڈ آف آنر کی تقریب نہیں ہو سکی۔ تاہم سابق روایات کے تسلسل میں مظفر آباد آزاد جموں و کشمیر میں شہداء کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔