اسلام آباد؍ کراچی(خصوصی نیوز رپورٹر؍ این این آئی)پولیو سے بچائو کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا، وزیراعظم عمران خان نے میانوالی میں بچے کو قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا، لاہور میں ڈپٹی کمشنر نے مہم کا افتتاح کیا۔طورخم بارڈر پر افغان بچوں کو قطرے پلائے گئے ۔ متحدہ عرب امارات نے پاکستان میں امارات انسدادپولیو مہم کے تحت جولائی سے ستمبرکے دوران ایک کروڑ60لاکھ بچوں کو پولیو کے 2کروڑ80لاکھ قطرے پلانے کا ہدف مکمل کرلیا ہے ۔دنیابھر میں 24اکتوبرکو پولیو سے بچائو کاعالمی دن منایاجاتا ہے ،اس دن کے منانے کا مقصد پولیو کے بارے میں آگاہی دینا اور دنیا کے تمام حصوں سے پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کیلئے کوششیں کرنا ہے ۔ پاکستان بھی پولیو فری ملک بننے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہا ہے ۔ عالمی ادارہ صحت اور روٹری انٹرنیشنل نے 1988 میں عالمی سطح پر پولیو کے خاتمے کے اقدام کا آغاز کیا اور 2013 تک ڈبلیو ایچ او نے دنیا بھر سے 99 فیصد پولیو کا خاتمہ کردیا تھا۔2013 تک زیادہ تر ممالک کو پولیو سے پاک قرار دے دیا گیا تھا مگر تین ممالک جن میں پاکستان، نائیجیریا اور افغانستان شامل ہیں، اس مرض سے مکمل چھٹکارا حاصل نہیں کر سکے لیکن رواں سال براعظم افریقہ بھی پولیو فری قرار دے دیا گیا ہے ۔