اسلام آباد (92 نیوزرپورٹ) ڈی جی ایم اومیجر جنرل نعمان نے کہا ہے کہ پاکستانی فوج دنیا بھر میں امن مشنز میں تعینات ہے ، دنیا بھرمیں پاکستان کے 73امن مشنز کام کررہے ہیں، اقوام متحدہ مشنز میں پاک فوج کی بڑی مانگ ہے ۔گزشتہ روز اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں ڈی جی ایم او نے کہا کہ پاکستان کی فوج دنیا کی بہترین فوج ہے ، پاکستان عالمی امن مشنز میں فوج بھجوانے والا چھٹا بڑا ملک ہے ، مشن ایریا میں تعیناتی سے قبل پاک فوج کو تربیت دی جاتی ہے ، دنیا کے 9 ممالک میں پاک فوج کے 4 ہزار سے زائد خواتین ومرد اہلکار تعینات ہیں، اقوام متحدہ کے عالمی مشنز میں نامزد اہلکاروں کو 4 مختلف کورسز کرائے جاتے ہیں، ہمارے 156 اہلکاروں نے عالمی امن کیلئے جانوں کا نذرانہ دیا، اقوام متحدہ کے امن مشنز میں 400 پاکستانی خواتین اہلکار بھی فرائض انجام دے رہی ہیں، جون تک امن مشن میں 90 مزید پاکستانی خواتین اہلکار شامل کی جائیں گی۔