کراچی(این این آئی)چیئرمین نیشنل ٹاسک فورس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر عطا الرحمان نے واضح کیاہے کہ دنیا میں کوئی ایسا سکینر نہیں جس سے انسان میں کرونا وائرس کی موجودگی کی تشخیص ہوسکے ،سکینر صرف بخار بتا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا وینٹی لیٹر کے 2 ماڈلز شارٹ لسٹ کئے جس کی منظوری کیلئے ریگولیٹری اتھارٹی کو اجازت دینا ہوگی، ملک میں وینٹی لیٹرز بنائے جاسکتے ہیں تاہم اس کی منظوری کیلئے طریقہ کار طویل ہے ۔انہوں نے حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا وینٹی لیٹرز بنانے کی منظوری کا طریقہ آسان کرنا ہوگا، دیکھنا ہوگا وینٹی لیٹرز کا معاملہ کھٹائی میں نہ پڑ جائے ۔ وینٹی لیٹرز، ٹرائلز اور سٹرکچر سمیت کئی پہلوئوں پر کام ہو رہا ہے ،کرونا کی علامات ظاہر ہونے کے 2 ،3 روز میں اموات خطرناک ہیں، کرونا وائرس کو سمجھنے کیلئے تحقیق کر رہے ہیں، وائرس پر کام کرنے والے ریسرچ سینٹر کھولنے چاہیئں۔