تتہ پانی،کوٹلی( صباح نیوز ) وزیر اعظم آزادکشمیر را جہ فاروق حیدر خان نے کہاہے کہ کشمیر پرمودی نے اپنا آخری وار کردیاہے اس وار کو ناکام بنانے کے لئے آزادکشمیر کے عوام کو کندھے سے کندھا ملا کرچلنا ہوگا،گروہی وسیاسی اختلافات کو بالا طاق رکھنا ہوگا،ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ جلد ایک کال دینگے اور ملکر اس کال پر عملدرآمد کرینگے ،اب وہ وقت دور نہیں جب منجوس خونی لکیر کو روند ڈالیں گے ۔گزشتہ روز یہاں تتہ پانی میں کنٹرول لائن کے دورہ کے دوران ایل اوسی متاثرین سے اظہار یکجہتی کیلئے منعقدہ اجتماع سے خطاب میں وزیراعظم فاروق حیدرنے کہا کہ ہندوستان ایک مکار دشمن ہے ،میں نے مختلف ممالک کے دوروں کے دوران ہندوستان کا اصل چہرہ دکھایا، دُنیا جان چکی ہے کہ اب ایک نیا ہٹلر مودی کی شکل میں پیدا ہوگیا ہے جواس خطہ کے اندر انسانیت کے لئے ایک بڑا خطرہ ہے ، دُنیا کی تمام انصاف پسند قومیں وافراد کشمیریوں کے ساتھ ہیں ، اس لئے عوام اطمینان رکھیں ، کنٹرول لائن پر بسنے والے پہلی دفاعی لائن ہیں، حکومت کی جانب سے ایل اوسی پر بسنے والوں کویقین دلاتا ہوں کہ آپ کی مدد کے لئے حکومت کے تمام دستیاب وسائل وقف ہیں،انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا آرمی چیف کہتا ہے کہ ہم تیار ہیں ، تو میں دعوت دیتا ہوں تم آئو ہم تمہارے استقبال کے لئے تیار ہیں ،تمہارا یہاں قبرستان بنا کر چھوڑیں گے ،حکومت پاکستان سے ایل اوسی کے لئے پیکیج لیا ہے ، جلد اس پیکج کی ترجیحات طے کر کے کام شروع کریں گے ۔ آزادکشمیر کے عوام اس نازک صورتحال میں اپنے مظلوم بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہندوستان کے مظالم کے خلاف جدوجہد میں انکا حصہ بننے کے لئے تیار ہیں۔قبل ازیں وزیراعظم محمدفاروق حیدرخان نے ڈسٹرکٹ ہسپتال کوٹلی میں بھارتی افواج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔ایم ایس ڈاکٹرسردارمحمدنصراﷲ خان نے وزیراعظم کوزخمیوں بارے تفصیلات سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے ہسپتال انتظامیہ کوہدایت کی کہ کنٹرول لائن کے زخمیوں کوعلاج معالجہ کی ہرطرح کی سہولیات فراہم کی جائیں۔