لاہور (92 نیوز)لاہور میں دو سال سے زیر تعمیر ایک موریہ پل کی تعمیر مکمل نہ ہو سکی، جس کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔ کوئی ایمرجنسی ہو یا کسی کو کہیں پہنچنا ہو،ایک موریہ پل سے گزرنے پر پہلے گھنٹوں انتظار کی کوفت برداشت کرنا پڑ رہی ہے ۔تفصیلات کے مطابق اندورن لاہور کو شمالی لاہور سے ملانے والے ایک موریہ پل سابقہ دور حکومت میں شروع ہونے والا منصوبہ ہے جو آج بھی مکمل نہیں ہو سکا۔بارش ہونے پر پل کا علاقہ تالاب کا منظر پیش کر تا ہے جبکہ شہریوں کا کہنا ہے شمالی لاہور کے ساتھ گزشتہ حکومت نے اچھا سلوک نہیں کیا،جس کی رہی سہی کسر تحریک انصاف نے نکال دی ہے ۔ادھر منصوبے پر ٹھیکیدار کی عدم دلچسپی کے باعث کم تعداد میں مزدور یہا ں کام کر رہے ہیں۔ ایل ڈی کے چیف انجینئر حبیب الحق رندھاوا نے کورونا وائرس کو منصوبے کی تاخیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے پر کام کرنے سے پولیس روک رہی ہے ۔برسات کی آمد کے پیش نظر واسا کی جانب سے کیمپ تو لگا دیا گیا ہے لیکن نکاسی آب کا مسئلہ حل نہیں ہوا ۔