اسلام آباد(نیوزرپورٹر)پاک بحریہ کے ریئر ایڈمرل فیصل رسول لودھی اور ریئر ایڈمرل زاہد الیاس کو وائس ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ترقی پانے والے دونوں افسران کمانڈ اینڈ سٹاف تعیناتیوں کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، وائس ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے 1986 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ پاکستان نیوی وار کالج لاہور ، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں اور انہوں نے برطانیہ اور فلپائن سے بھی پروفیشنل کورسز کر رکھے ہیں۔ انہوں نے برطانیہ سے انٹرنیشنل سکیورٹی اور سٹریٹجک سٹڈیز میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی اور وہ لندن کے رائل کالج سے فارغ التحصیل ہیں ، وہ بطور کمانڈنگ آفیسر پی این ایس طارق اور ڈائریکٹر پاکستان نیوی ٹیکٹیکل سکول اپنے فرائض انجام دیتے رہے ہیں۔ ایڈمرل فیصل رسول لودھی اس وقت کمانڈر کوسٹ کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں،ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں انہیں ہلال امتیاز (ملٹری) سے بھی نوازا جا چکا ہے ۔وائس ایڈمرل زاہد الیاس نے 1988 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا اوراعزازی شمشیر حاصل کی۔وہ پاکستان نیوی وار کالج لاہور ، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجوایٹ اور چین سے پروفیشنل کورس بھی کر چکے ہیں۔