لاہور (علی ارشد سے ) دو سالہ بی اے ، بی ایس سی ڈگری پروگرام بند کرنے کا فیصلے سے غریب طلبہ کا استحصال ہو گا۔ روزنامہ92نیوز سے بات کرتے ہو ئے اساتذہ تنظیموں، غریب اور متوسط گھرانوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کا ایچ ای سی پاکستان کے حالیہ فیصلے پر تحفظات کا اظہار کر تے ہو ئے کہا ہے کہ وزیر اعظم ، وفاقی وزیر تعلیم اور چیئر مین ایچ ای سی پاکستان ڈاکٹر طارق بنوری دو سالہ بی اے ، بی ایس سی ڈگری پروگرام بند کرنے کے فیصلے کو واپس لیتے ہو ئے موجودہ جاری تعلیمی نظام میں بہتری کی اصلاحات متعارف کرائیں۔ دو سالہ ڈگری پروگرام بند کرنے سے غریب اور نچلے درجے سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات کا تعلیمی استحصال ہو گا۔ ہا ئر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے بجٹ میں کٹوتی کے باعث نئی پالیسی سے جامعات کو سالانہ اربوں روپے کی آمد ن سے محروم ہو جا ئیں گے ۔ روزنامہ 92نیوز سے بات کر تے ہو ئے فیڈریشن آف آل پاکستان اکڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حامد مختار نے بتایا کہ چیئر مین ایچ ای سی کا فیصلہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بغیر ہے جس سے لاکھوں طلبہ متاثر ہوں گے ۔ حتمی فیصلے سے قبل طلبہ و اساتذہ سے مشاورت کرنا ضرور کرنی چاہیے تھی۔ بد قسمتی سے ہا ئر ایجوکیشن کے میدان میں مختلف تجربات کا سلسلہ تاحال جا ری ہے ۔ یونیورسٹیوں کو مالی نقصان کے ساتھ ساتھ غر یب طلبہ کا بھی تعلیمی نقصان ہو گا۔