اسلام آباد(صباح نیوز)ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا دورہ امریکہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، اس دورے سے پاک امریکہ تعلقات میں بہتری آئیگی، وزیراعظم اورامریکی صدر کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلق باہمی تعلقات بالخصوص زیر غور آ ئینگے ۔پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ کچھ سالوں سے پاک امریکہ تعلقات میں کچھ سرد مہری تھی جب موجودہ حکومت آئی تو تعلقات میں بہتری لانے کی کوشش کی گئی، اسی تناظر میں ستمبر میں وزیر خارجہ نے واشنگٹن کا دورہ کیا اور وہاں اہم ملاقاتیں ہوئیں اور بعد ازاں معاملات آگے بڑھتے رہے اور امریکی صدر کی طرف سے وزیراعظم کو دورے کی دعوت ملی اور 22 تاریخ کی ملاقات طے ہوئی یہ ملاقات انتہائی اہم ہے ملاقات میں باہمی تعلقات سرمایہ کاری،فوجی اور دیگر معاملات پر بات چیت ہوگی۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستان ملاقات میں باہمی تعلقات کے فروغ پر خصوصی توجہ مرکوز کریگا۔امریکہ بھی چاہتا ہے کہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں بہتری آئے لہٰذا وزیراعظم اور امریکی صدر کے درمیان یہ ملاقات اس حوالے سے پہلا قدم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات 7 دہائیوں پر محیط ہیں، دونوں ممالک کے درمیان بڑے گہرے تعلقات رہے ہیں مگر کچھ عرصے سے ان تعلقات میں کچھ فاصلہ پیدا ہو گیا ہے ہم چاہتے ہیں کہ یہ فاصلہ ختم ہو اور وہ ہمیں امریکی نظر سے دیکھے افغانستان کی نظر سے نہ دیکھے ۔انہوں نے کہا کہ ملاقات میں ایف اے ٹی ایف کا معاملہ بھی زیر غور آئیا،ہمیں اس معاملے میں دنیا کے تمام ممالک کی مدد چاہیے تاہم ملاقات میں یہ بات ضرور زیر بحث آئے گی کہ ہمیں سیاسی طور پر نشانہ نہ بنایا جائے ۔ حافظ سعید کی گرفتاری کے بارے میں سوال پر ترجمان نے کہا کہ میں اس پر فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتا، ملاقات ہو جانے دیں اس کے بعد تفصیل سے بتائوں گا۔