لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ اور محمد عباس کا کہنا ہے کہ تین ماہ بعد پریکٹس میچ ملا جو کھیل کر بہت اچھا لگا۔دورہ انگلینڈ کیلئے قومی ٹیم میں شامل نسیم شاہ نے کہا کہ ووسٹر میں موسم اچھا ہے ۔ڈیوک بال میں چمک زیادہ دیر تک برقرار رہتی ہے اور اس کی وجہ سے سوئنگ بھی ملتی ہے ۔ نوجوان فاسٹ باؤلر نے کہا کہ آہستہ آہستہ کنڈیشنز کے مطابق کھیلنے کی پریکٹس ہو رہی ہے ، ڈیوک اور کوکابورا بال میں فرق ہے ۔کوکابورا بال خراب جلد ہو جاتا ہے زیادہ سوئنگ اور سیم نہیں ہوتا۔سویٹر کیپ اور گلاسز امپائرز کو نہ پکڑانے کی پریکٹس بھی کر رہے ہیں، موسم کی وجہ سے فیلڈرز کو پسینہ نہیں آتا بولرز کو ہی پسینے سے گیند چمکانا ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بہت کوشش کرتے ہیں کہ بال کو تھوک سے نہ چمکائیں، پسینے کے ساتھ بال شائن ہوتا رہا اچھا رہا۔فاسٹ باؤلر محمد عباس نے کہا کہ سیریز سے پہلے بھجوانے کا فیصلہ بڑا اچھا ہے ، کاونٹی کھیلنے کا بہت فائدہ رہا۔ انہوں نے کہاکہ ڈیوک بال بال جب تنگ کرنے پر آئے تو بہت تنگ کرتا ہے ۔