لاہور(میاں رئوف)پنجاب پولیس کے 100سے زائد انسپکٹرز الیکشن کمیشن کے فیصلہ کی بھینٹ چڑھ گئے اور دوردراز اضلاع میں تبادلوں کے باعث عید الاضحیٰ پر تنخواہ سے محروم رہ گئے ۔تفصیل کے مطابق ملک میں عام انتخابات کے پیش نظر پنجاب بھر میں پولیس کے محرر سے لیکر آئی جی پنجاب تک کو تبدیل کردیا گیا تھا۔ لاہور سے سینکڑوں انسپکٹرز کو تبدیل کرکے دوسرے اضلاع میں تعینات کیا گیا تھا۔ دوسرے اضلاع سے تبدیل ہوکر لاہور میں تعینات ہونیوالے پولیس انسپکٹرزنے احتجاج کیا کہ انکی فیملی یہاں موجود ہے نہ انکے پاس رہنے کی جگہ ہے ،تھانوں میں ہی بسیرا کیا جارہا ہے ۔ ستم بالائے ستم یہ ہے کہ عید کے قریب آنے تک بھی انہیں تنخواہوں کے حصول میں مایوسی کا منہ دیکھنا پڑ رہا ہے ۔ آئی جی پنجاب کی طرف سے عید الاضحیٰ کے موقع پر چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں جس کی وجہ سے تنخواہیں وصو ل کرنے کیلئے متعلقہ اضلاع میں نہیں جاسکے جبکہ تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے محکمہ نے کوئی مناسب اقدامات نہیں کئے ۔ذرائع نے بتایا کہ پنجاب پولیس سے تعلق رکھنے والے لاہور کے 100سے زائدانسپکٹرز نے تنخواہ کی وصولی کیلئے متعلقہ دفاتر سے رابطہ کیا تو انہیں بتایا گیا کہ آپکی تنخواہ ابھی نہیں بنی ہے ۔ متاثرہ انسپکٹرز نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ عید کے موقعہ پر تنخواہیں نہ دینا ظلم ہے ، ہمارے بچے عید نہیں مناسکیں گے ۔خوشیوں بھری عید کو آنسوؤں میں تبدیل کیا جارہا ہے ، پہلے لاہورمیں تعینات کرکے بچوں سے دور کیا گیا پھر عید کی تنخواہیں تاحال نہ دینا کہا کا قانون ہے ۔ہم قربانی کی سنت پرعمل سے محروم ر ہ جائیں گے ۔ وزیراعظم عمران خان نے پولیس کی تبدیلی کا دعوی ٰکیا ،ان سے مطالبہ ہے کہ اس معاملہ پر نوٹس لیں ۔ظلم کی انتہا کردی گئی ہے ،جس کی ذمہ داری ہے اس کیخلاف محکمانہ کارروائی کی جائے ۔