لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ دورہ انگلینڈ ہمیشہ اہم ہو تا ہے ، بیٹنگ کوچ یونس خان اور پی سی بی کے درمیان تنازع پر بات نہیں کروں گا تاہم یونس خان کا تجربہ اہم تھا کھلاڑیوں کے لیے ان کی کمی محسوس کی جائے گی۔گزشتہ روز ڈربی سے ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل دورہ انگلینڈ خصوصی اہمیت کا حامل ہے اس سے ٹیم کوفائدہ ہو گا۔ مصباح الحق نے اعتراف کیا کہ قومی ٹیم میں نمبر پانچ اور نمبر چھ بیٹنگ کا اہم مسئلہ ہے ، صہیب مقصود کے آنے سے مڈل آرڈر کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے ۔اوپننگ سے متعلق سوال پر مصباح الحق کا کہنا تھا کہ اوپننگ جوڑی کا ابھی تک فیصلہ نہیں ہوسکا، میچز سے پہلے ہی فیصلہ کرینگے کونسی اوپنگ جوڑی ہوگی۔ینگ فاسٹ بولر شاہنواز دھانی بارے سوال پر انہیں پاکستان کا مستقبل قرار دیتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ کارکردگی کی بنیاد پر وہ مستقبل میں وائٹ بال کرکٹ میں جگہ بناسکتا ہے ۔