دیپالپور،حجرہ شاہ مقیم (تحصیل رپورٹر،نامہ نگار )وفاقی وزیر خوراک خسرو بختیارنے دیپالپور کے علاقہ پپلی پہاڑجنگل کادورہ کیااورٹڈی دل سے فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کاجائزہ لیا ۔گزشتہ روز اس موقع پر چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل محمدافضل اورسیکرٹری ایگریکلچرل پنجاب بھی خسرو بختیارکیساتھ تھے ۔وفاقی وزیر نے کاشتکاروں کے نقصان کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر عثمان علی اور ایڈیشنل کمشنررئوف احمدنے وفاقی وزیر خسروبختیار کو بریفنگ دیتے ہوئے سرکار ی اقدامات سے متعلق بتایا۔ خسروبختیار نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ٹڈی دل کے باعث کسانوں کے نقصان کا ازالہ کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ وفاقی کابینہ کی جانب سے بھی اس معاملہ میں ایمرجنسی ڈکلیئر کرکے کام کیاجارہاہے ۔متاثرہ کاشتکاروں کو گھبرانے کی ہرگز ضرورت نہیں، انکے نقصان کاتخمینہ لگاکر مکمل معاونت کی جائیگی۔ٹڈی دل کے خاتمہ کیلئے تمام متعلقہ حکومتی اداروں سمیت پاک فوج سے بھی مدد لی جا رہی ہے ۔اس موقع پر کسانوں کی بڑی تعداد بھری بوریاں لیکر لائی ہوئی تھی کیوں کہ انتظامیہ نے جگہ جگہ فلیکسز آویزاں کررکھے ہیں کہ ٹڈیاں پکڑ کرلاؤ حکومت یہ ٹڈیاں بیس روپے فی کلو کے حساب سے خریدے گی۔