پشاور( نیوز رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدراسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ پرامن افغانستان صرف پاکستان کیلئے نہیں بلکہ پورے خطے کیلئے ضروری ہے ،دوست ملکوں نے بھارتی وزیراعظم کو ایوارڈز دیکر ہمیں پیغام دیا۔باچا خان مرکز پشاور میں این وائی او کے زیر اہتمام گرینڈ یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اسفندیار ولی خان نے کہا کہ پاکستان دونوں ایوانوں کی مشترکہ قرادار کی بھر پور حمایت کرے ،خارجہ اور داخلہ پالیسیاں ناکام ہوگئیں۔ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کو اپنے جائز اور آئینی حقوق دینے سے کترارہی ہے جبکہ دوسری جانب 234 ارب کے قرضے معاف کرارہی ہے جو کہ پوری قوم کے ساتھ زیادتی ہے ۔ اگر حکومت نے قبلہ درست نہ کیا تومستقبل میں مزید شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ اسفندیار ولی خان نے کہا کہ تشدد کے ذریعے کسی بھی انسان کا عقیدہ یا نظریہ تبدیل کرنا دہشت گردی کی خطرناک مثال ہے اور آج کل مودی سرکار کشمیر میں بزور بندوق یہ سب کچھ کرتی نظر آرہی ہے ۔