نیو یارک ( نیوزایجنسیاں ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم عمران خان اور بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی کو پیغام دیا ہے کہ دوستو! مسئلہ کشمیر حل کرو۔ نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم کے ساتھ بہت مثبت ملاقاتیں ہوئیں جس میں مسئلہ کشمیر کے حل، باہمی تعلقات اور دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔ میں نے الگ الگ ملاقاتوں میں دونوں رہنمائوں پر اختلافات ختم کرنے پر زور دیااور کہا کہ دوستو اب مسئلہ کشمیر کو حل کرو۔ ٹرمپ نے کہا پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی ممالک ہیں اور انہیں یہ مسئلہ حل کرنا ہوگا۔ کشمیر انتہائی سنگین مسئلہ ہے جس کے حل کیلئے جو بن سکا کروں گا۔ میں نے دونوں ممالک کو ثالثی کی پیشکش کی ہے ، ان دونوں کے درمیان اس وقت شدید چپقلش چل رہی ہے ، امید ہے دونوں تعلقات بہتر کرلیں گے ۔ انہوں نے کہا دو جینٹل مین دونوں ملکوں کے سربراہ ہیں اور دونوں ہی میرے اچھے دوست ہیں ، دونوں ایٹمی قوتیں ہیں اور دونوں اس معاملہ پر ملکر کام کریں۔ دریں اثناء امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی کہ اگر مشرق وسطیٰ میں اس کے تیل بردار جہازوں کو حملوں کا نشانہ بنایا گیا تو اس کے سنگین اور خوفناک نتائج سامنے آئیں گے ۔ ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی آئل کمپنی آرامکو کی تنصیبات پر حملے کے بعد تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے ۔ٹرمپ نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کا ملک پولینڈ میں تعینات متعدد مقامات سے امریکی فوج واپس بلائے گا۔انہوں نے کہا وہ برطانیہ کیساتھ بہتر تجارتی معاہدے کے خواہاں ہیں اور انتظار کر رہے ہیں کہ بریگزٹ میں کیا ہوگا؟ ٹرمپ نے کہا امریکی معیشت دنیا کی سب سے بڑی معیشت بن چکی اوراس نے چین کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔انہوں نے کہا یوکرین میں جوبائیڈن کے قانون سے تجاوز کرنے کے واقعات کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیے ۔