لاہور(سپورٹس رپورٹر) ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے والی چھ صوبائی کرکٹ ٹیموں کے سکواڈز کے دوسرے کورونا نتائج بھی منفی آ گئے ۔ پہلے کوویڈ19 ٹیسٹ منفی آنے کے بعد چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے تمام کھلاڑیوں اور سپورٹنگ سٹاف کے دوسرے کوویڈ19 ٹیسٹ بھی منفی آئے ہیں۔ مسلسل 2 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کے بعد اب یہ تمام کھلاڑی اور سپورٹ سٹاف نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے لیے ملتان میں بنائے گئے بائیو سیکیور ببل کا حصہ بن جائیں گے ، جہاں انہیں آپس میں ملنے جلنے کی مکمل آزادی ہوگی۔اٹھارہ ستمبر کو لیے گئے دوسرے کوویڈ19 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کے بعد مریدکے کنٹری کلب لاہور کے سنٹرل سٹیشن پر موجود بلوچستان اور سندھ کے سکواڈز آج ملتان پہنچیں گے جہاں پریکٹس بھی کریں گے ، جہاں وہ 30 ستمبر سے شروع ہونے والے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کی تیاریوں کا آغاز کریں گے ۔اُدھر سنٹرل پنجاب، خیبرپختونخوا، ناردرن اور سدرن پنجاب کے سکواڈز پہلے سے ہی ملتان میں موجود ہیں۔ دونوں ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کے بعدچھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے فرسٹ الیون سکواڈز میں شامل کرکٹرز اور سپورٹنگ سٹاف اب آج سے اپنی ٹریننگ اور نیٹ پریکٹس کا آغازکردیں گے ۔ کوویڈ19 پروٹوکولز اور مختلف اوقات کار کی وجہ سے ان سکواڈز کی ٹریننگ کے لیے 2 وینیوزبنائے گئے ہیں۔ ان وینیوز میں ملتان کرکٹ سٹیڈیم اور انضمام الحق ہائی پرفارمنس سنٹرشامل ہیں۔تاہم سنٹرل پنجاب کے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے چند روز تاخیر سے بائیو سیکیور ببل جوائن کرنے کی درخواست کی تھی۔ کامران اکمل کا دوسرا کوویڈ19 ٹیسٹ 23 ستمبر کو ہوگا، جس کی رپورٹ منفی آنے پر انہیں ملتان میں بنائے گئے بائیو سیکیور ببل جوائن کرنے کی اجازت ہوگی۔