لاہور،کراچی(کامرس رپورٹر،نامہ نگار، سٹاف رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم میرنے کہا کہ وزیراعظم کا فیصلہ خوش آئند، ہر مارکیٹ میں آج عوامی رہنما موجود ہونگے اور دکانیں کھلوائیں گے ۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر حکومت گوفتار کرنا چاہتی ہے تو کر لے ،بڑے شاپنگ مالز بند کرنے پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ۔ صدر انجمن تاجران لاہور ملک امانت نے کہاکہ دکانیں کھولنے کا وزیر اعظم کااحسن اقدام ہے ۔ تاجر رہنما سہیل بٹ نے کہاکہ وزیر اعظم تاجروں کیلئے سافٹ کارنر رکھتے ہیں۔ سرپرست اعلیٰ انجمن تاجران لاہورعمران بشیر نے کہاکہ ایک ہزار سکوائر سے چھوٹی والی دکان ہی کھولنے کی اجازت دیں۔دریں اثنا لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے حکومت کی جانب سے لاہور چیمبر کا مطالبہ تسلیم اور چھوٹی مارکیٹیں و دکانیں کھولنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاپنگ مالز اور میگا ڈیپارٹمنٹل سٹورز کو بھی کام کرنے کی اجازت دی جائے ۔ انہوں نے تاجر برادری اور عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ حکومت کی جانب سے تشکیل دئیے گئے سٹینڈرڈ آپریٹنگ پراسیجر اور حفاظتی قواعد و ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ کوروناکی وبا کو مزید بڑھنے سے روکا جاسکے ۔دریں اثناجماعت اسلامی کراچی کے تحت ادارہ نورحق میں ہونے والے آل کراچی تاجر کنونشنمیں کراچی کے تاجروں نے متفقہ طور پر اعلان کیا ہے کہ آج 9مئی سے کراچی کی مارکیٹیں اور کاروبار کھلے گا،سندھ حکومت نے رکاوٹ ڈالی تو حالات کی ذمہ داری وہ خود ہوگی،اگر سندھ حکومت نے کاروباری سرگرمیوں میں روکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو امن و امان کی ذمہ دار سندھ حکومت ہوگی۔