کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک )بلوچستان کے علاقہ دکی میں انصارالاسلام کے کارندوں کی جانب سے لیویز فورس پر حملے کی کوشش کی گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جے یو آئی (ف) کی ریلی بڑے جلوس میں شامل ہونے جارہی تھی اور اس کیساتھ انصارالاسلام کے کارندے بھی تھے ۔ لیویز فورس کو اپنے دفاع کیلئے ہوائی فائرنگ کرنا پڑی۔لیویز فورس نے مشتعل ہجوم کو منتشر کردیا ۔لیویز حکام کے مطابق نصارالاسلام کے کارندوں نے لیویز اہلکاروں پر حملے کی کوشش کی۔لیویز کی نفری امن وامان قائم رکھنے کیلئے تعینات کی گئی تھی۔علاوہ ازیں اس سلسلہ میں وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو نے کہا کہ انصارالاسلام پر چند دن پہلے پابندی لگائی گئی تھی ۔ہم نے جے یو آئی کو مطلع کردیا ہے کہ وفاقی حکومت کے فیصلہ کے مطابق اسکی تنظیم انصارالاسلام پر پابندی ہے ، اسلئے یہ جلسے ، جلسوں کیساتھ نہیں جاسکتے ۔ہم نے حکم جاری کیا ہے کہ جس ضلع میں بھی ڈنڈا بردار فورس جلوس کیساتھ ہے وہاں کی قیادت کیخلاف ایف آئی آر کاٹ دیں۔یہ کوئی بنانا ریپبلک سٹیٹ نہیں ، حکومت کی رٹ قائم کرکے دکھائیں گے ۔ہم اس تنظیم کیخلاف کارروائی کرینگے ۔انصارالاسلام نے اپنی پوری کوشش کی کہ اداروں کیساتھ کوئی پھڈا کیا جائے مگر ہم نے صبر سے کام لیا ۔تاہم صبر کی بھی کوئی حد ہوتی ہے ۔ جب یہ قانون ہاتھ میں لیں گے تو قانو ن حرکت میں آئیگا۔ان کو جتنی عوام کی جلوس میں شمولیت کی امید تھی اتنے لوگ باہر نہیں نکلے ۔اب انکا مقصد صرف بدنظمی پھیلانا ہے اور اپنے قافلے کو خود روکنے کی کوشش کررہے ہیں۔