اسلام آباد (92نیوز رپورٹ) سفارتی سطح پر مکروہ ہندوستانی ہتھکنڈوں کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدگی میں اضافہ کے نتیجہ میں دونوں ممالک کے سفارتی عملہ کی تعداد کو نصف کرنے اور دیگر کو اپنے اپنے وطن واپس بھیجنے کاعمل شروع ہوگیا۔ذرائع کے مطابق پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی سے سفارتکاروں و عملے کے 39ارکان اور انکی فیملیزسمیت 100 افراد براستہ واہگہ آج لاہور پہنچیں گے ۔رد عمل کے طور پر نکل جانے کے حکم پرپاکستان سے بھی 38بھارتی سفارتکار اور ان کے اہلخانہ اپنے وطن واپس روانہ ہونگے ۔بھارت نے 23جون کو عملے کی تعداد 50فیصد کم کرنے کیلئے پاکستانی ہائی کمیشن پر دبائو ڈالا تھا۔پاکستان نے بھی فوری رد عمل کے طور پر بھارتی ہائی کمیشن کے نصف عملہ کو 7دن میں نکل جانے کا حکم دیا۔