لاہور (سٹاف رپورٹر ،سپیشل رپورٹر) الیکشن میں دھاندلی کیخلاف تحریک لبیک پاکستان نے احتجاجی ریلی نکالی ،دھرنا دیا،کارکنوں نے دھاندلی نامنظور اورالیکشن کمیشن کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔ ریلی کے شرکا کیلئے دودھ، شربت اور پانی کی سبیلیں لگائی گئیں جبکہ شہر میں بدترین ٹریفک جام کی صورتحال رہی ۔ مزار حضرت داتا گنج بخشؒ سے پنجاب اسمبلی تک احتجاجی ریلی نکالی جس کی قیادت امیر تحریک علامہ خادم حسین رضوی نے کی ۔ریلی میں ملحقہ شہروں سے بھی تحریک لبیک کے کارکنوں اور امیدواروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مزار حضرت داتا گنج بخشؒ کے باہر دھرنے کے مقام پر علامہ خادم حسین رضوی نے مختصر خطاب بھی کیا۔ پنجاب اسمبلی کے سامنے ریلی کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے امیر تحریک نے کہا کہ یہ دراصل الیکشن نہیں سلیکشن ہے ، ہم نظام کویرغمال نہیں بننے دیں گے ۔ہم انتخابی دھاندلیوں کیخلاف آج باہر نکلے ہیں، یہاں پر موجود انسانوں کا سمندر کہہ رہا ہے کہ ہمیں یہ نتائج قبول نہیں ، ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والوں کا ہم مسلسل پیچھا کرتے رہیں گے ۔ اس سلسلہ میں اگلا احتجاجی مارچ 12 اگست کو کراچی میں ہو گا۔اس موقع پر تحریک لبیک پاکستان کے دیگر عہدیداروں صاحبزادہ نعیم عارف نوری اور صاحبزادہ عثمان جلالی نے بھی خطاب کیا ۔ریلی کے باعث بھاٹی چوک، سرکلر روڈ پر ٹریفک کا شدید دباؤ رہا، مینار پاکستان سے آنیوالا ٹریفک ٹیکسالی چوک کے قریب جام ہونا شروع ہوگیا ۔ دن بھر بھاٹی چوک ،سرکلر روڈ کے کئی حصوں ، مال روڈ اور لوئر مال پر ٹریفک کی بدترین صورتحال درپیش رہی ۔ریلی کے انعقاد کے موقع پر لاہور پولیس نے سکیورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کر رکھے تھے