لاہور (نیوز رپورٹر،92 نیوزرپورٹ)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہاہے کہ علما نے جب بھی تحریک چلائی مارشل لا لگا ، دھرنا ابھی گرے لسٹ میں ہے ، سارے چودھری مر جائیں پھر بھی مولانا فضل الرحمان کو اقتدار نہیں ملنا،لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا اب مارشل لا لگا  تو600افراد اندر ہوں گے ، پھونک پھونک کر قدم رکھنا ہو گا،جوکہتے ہیں اسلام آبادپر چڑھائی سے مسائل حل ہونگے وہ عقل کے اندھے ہیں،فضل الرحمان جس کے اشارے پرچل رہے ہیں اس کی سیاست بھی تباہ وبرباد ہو جائیگی ،جمہوریت پرشب خون ماراگیاوکیسزکے فیصلے چٹ منگنی پٹ بیاہ کی طرح ہونگے ، مولانا کو فیس سیونگ دی جا سکتی ہے ،شیخ رشید نے کہا کہ جمہوریت کو نقصان کا سب سے زیادہ نقصان ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو ہو گا،شہباز شریف نوازشریف سے بڑا ڈاکو ہے ،مولانا فضل الرحمان اسلام آباد نہیں آئیں گے کیونکہ یہ بہت ہی نازک وقت ہے ،مولانا امریکہ کو کہتے تھے مجھے لاؤ، قوم ابھی وہ نہیں بھولی جب مولانا امریکی سفیر کو کہتے تھے کہ مجھے وزیراعظم بناؤ، دینی مدرسے پہلے ہی مغربی میڈیا کی زد میں ہیں، مولانا ڈنڈا برداروں کو ایسے دکھا رہے ہیں جیسے دہشت گرد تیار ہو رہے ہیں،مولانا اسلام آباد کی دھوپ میں دین کی قوتوں کو خراب نہ کریں۔وزیر ریلوے نے دھرنے والوں کو خبردار کیا کہ نیشنل ایکشن پلان ان ایکشن ہے ،پہلی مرتبہ پاکستان میں خوشگوار حالات ہیں، جنرل قمر جاوید باجوہ اور عمران خان ایک ہی گاڑی کے دو پہیے ہیں،اس وقت جو ملکی سلامتی کے بارے میں فکرمند ہیں وہ سیاسی خلفشار پر بھی فکر مند ہیں، وہ سمجھانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ جیسی تیسی معیشت ہے ملک کو چلنے دیں، سارے سیاستدان ایک این آر او کی مار ہیں لیکن عمران کسی صورت این آر او نہیں دینگے ۔انہوں نے کہا کہ معاملات 21 سے 26 تک بہتر ہو جائیں گے ، معاملات بہتر نہ ہوئے تو ذمہ دار نواز شریف اینڈ کمپنی ہو گی۔