ملتان (سپیشل رپورٹر ،سٹاف رپورٹر) وزیر ہاوسنگ پنجاب میاں محمود الرشید کا کہنا ہے کہ کشمیر ایشو سے توجہ ہٹانے کے لئے مولانا فضل الرحمان دھرنا دے رہے ہیں ، دھرنے سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں ، جے یو آئی (ف) کو کشمیر کے مسئلے پر دھرنا دینا چاہیئے تھا ۔ مہنگائی کنٹرول کر لیں گے ۔ ملتان میں نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم کے لئے مجوزہ جگہ کا دورہ کرنے اور تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے اکابرین نے کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دیا تھا اور پاکستان کے قیام کو گناہ سے تشبیہ دی تھی ۔میاں محمود الرشید نے مزید کہا کہ سال کے اندر مہنگائی کو کنٹرول کر لیں گے ، راتوں رات مسائل ہماری وجہ سے پیدا نہیں ہوئے - ملکی معیشت مضبوط کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں - قوم صبر سے کام لے ، ہم ماضی کی طرح مصنوعی اقدامات پر یقین نہیں رکھتے ۔ انہوں نے کہا کہ 50 لاکھ گھر بنانا مشکل کام ہے مگر پرائیویٹ سیکٹر کی مدد سے گھر بنائیں گے ۔ ملتان میں ابتدائی طور پر کم آمدنی والے افراد کو 384 فلیٹ بنا کر دیں گے ۔ جدید طرز کے فلیٹس کو 30 لاکھ مالیت میں آسان اقساط پر دیا جائے گا۔