پشاور، اسلام آباد(نیوز رپورٹر، سٹاف رپورٹر، خصوصی نیوز رپورٹر )پشاورخودکش حملے کے دوسرے روز بھی بلورہائوس میں سیاسی اورعسکری قائدین کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ گزشتہ روز وزیراعظم ناصر الملک ، گورنر اقبال ظفر جھگڑا ، وزیراعلیٰدوست محمد خان ، شیر پائو، اعتزاز احسن، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجو ہ، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور ، کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نذیربٹ،ایف سی کمانڈنٹ لیاقت علی اور دیگر اہم شخصیات نے بلور ہائوس آ کر تعزیت کی۔ اطلاعات کے مطابق وزیراعظم ناصرالملک بلورہائوس گئے اور حاجی غلام بلورسے انکے بھتیجے ہارون بلور کی شہاد ت پر فاتحہ خوانی کی ۔ وزیراعظم نے غلام بلور کومکمل تعاون کایقین دلایا ۔ادھر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی بلور ہاؤس گئے اور شہید ہارون بلور کے اہل خانہ سے تعزیت کی ،کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ اور ڈی جی آئی ایس پی آر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ 'ہم رُکنے والے نہیں ، دہشتگردوں کو شکست دیں گے ،پرامن اور مستحکم پاکستان کیلئے کوشاں ہیں، ہم دشمن قوتوں کے گٹھ جوڑ سے لڑرہے ہیں جنہیں پرامن پاکستان ہضم نہیں ہوتا ۔ دریںاثنائیکہ توت دھماکے کا ایک اور زخمی چل بسا جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 22ہوگئی۔ادھر ہارون بشیر بلور شہید کی رسم قل آج شام 6بجے بلور ہائوس میں ادا کی جائے گی۔