لاہور،کراچی،ملتان،حیدرآباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے ،نمائندگان)لاہور میں دن بھر ’’لو‘‘ شام کو آندھی سے درجہ حرارت کم ہوگیا،اندرون سندھ میں گرمی سے متعدد بے ہوش ،کراچی میں پھرہیٹ ویو کی وارننگ جاری کردی گئی جبکہ جنوبی پنجاب میں بھی قیامت خیز گرمی رہی اور اوپر سے لوڈشیڈنگ کا دہرا عذاب بھی عوام سہنے پر مجبورہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز بھی شدید گرمی کی لہر برقرار رہی اور سورج سارا دن آگ برساتا رہا ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہاتاہم مری اور منگلہ میں بارش ریکارڈ کی گئی ۔لاہور میں گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 26ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا محکمہ موسمیا ت کے مطابق آج شہر کا موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے ۔ رحیم یار خان میں درجہ حرارت 45ڈگری کو چھو گیا،روزہ دار بلبلا اٹھے ،میپکو نے خرابی کے باعث فورس لوڈ شیڈنگ کا عذر پیش کر دیا،میلسی میں سحری کے وقت گیس لوڈشیڈنگ سے شہری سراپا احتجاج بنے رہے ۔جھڈو میں پارہ 47،حیدرآباد،لاڑکانہ اورگردونواح میں 46 تک پہنچ گیا،میدانی علاقوں میں گرم ہوائیں چلتی رہیں۔کراچی میں درجہ حرارت41 ،شدت 43 محسوس کی گئی،محکمہ موسمیات نے کراچی میں ہیٹ ویو کی نئی وارننگ جاری کردی جسکے مطابق شہر میں آج اور کل درجہ حرارت 42 ڈگری تک رہے گا۔