اسلام آباد(نامہ نگار) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے اور کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم نے جنوبی ایشیا کو جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا ۔ بھارتی اقدامات کے خلاف جلد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے رجوع کریں گے جس کی ذمہ داری ہے کہ وہ خطے میں جنگ کے منڈلاتے ہوئے خطرات کو ٹالنے اور امن و سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے کردار ادا کرے ۔ ان کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ بین الاقوامی برادری کی بے حسی کا نتیجہ ہے ۔ بین الاقوامی برادری کی اسی بے حسی نے بھارت کو بے گناہ انسانوں پر مظالم ڈھانے کا حوصلہ دیا۔بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے اور مسلمانوں کی نسل کشی نہ صرف جنیوا کنونشن اور دوسرے بین الاقوامی قوانین کی کُھلی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ خود اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کشمیر سے متعلق قرار دادوں سے بھی مکمل انحراف ہے ۔