نئی دہلی ( نیٹ نیوز ،ایجنسیاں ) متنازع شہریت قانون کے خلاف شروع ہونے والے پر تشدد واقعات کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 37ہو گئی جبکہ مرنے والوں میں انٹیلی جنس افسر بھی شامل ہے ، زخمیوں کی تعداد200 سے زائد ہو گئی جبکہ بی جے پی کے دہشت گرد شناخت کرنے کے بعد مسلمانوں پر بدترین تشدد کر رہے ہیں،زخمیوں کی تعداد بڑھنے کے بعد ہسپتال مریضوں سے بھر گئے ہیں، امریکہ اور او آئی سی نے بھارت پر زور دیا کہ مسلمانوں کے قتل وغارت کے واقعات روکے ۔تفصیلات کے مطابق نئی دہلی کے علاقے چاند باغ میں ایک انٹیلی جنس افسر کی لاش ملی ، ایسا لگ رہا ہے جیسے نئی دہلی میں کشمیر کا منظر ہے ،شمال مشرقی دہلی کے علاقے تشدد سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں جہاں مسلمانوں کی آبادیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ بلوائیوں نے مکانات، گاڑیوں اور دکانوں کو آگ لگانے کے ساتھ ساتھ مار پیٹ کی ۔ دہلی پولیس کے ڈی سی پی مندیپ سنگھ رندھاوا نے بتایا کہ جھڑپوں میں دہلی پولیس کے 56 اہلکار زخمی ہوئے ہیں ، اب تک 60 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ۔ نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال زخمیوں کی عیادت کی اور فوج بلانے کا مطالبہ کیا ہے ، پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ حکمراں جماعت کے رہنماؤں کے اشتعال انگیز بیانات کے سبب یہ فسادات بھڑکے ،یہ انتہائی تکلیف دہ اور افسوسناک بات ہے کہ وزیر اعظم، وزیر داخلہ اور اعلی ٰرہنماؤں نے ان خونریز فسادات پر مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے ، انہوں نے کہا کہ امیت شا ہ فوری مستعفی ہوں ۔ ریاست ہماچل پردیش کے وزیراعلیٰ جے رام ٹھاکر نے ’بھارت ماتا کی جے ‘ کا نعرے لگانے والوں کو ہی بھارت میں رہنے کا حق دار قرار دے دیا۔ دہلی ہائی کورٹ نے کہا کہ حکمران جماعت بی جے پی کے تین رہنماؤں انوراگ ٹھاکر، پرویش ورما اور کپل مشرا کے خلاف ایف آئی آر درج کی جانی چاہیے ، دیگر افراد پر بھی سامنے آنے والے ویڈیو کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کی جا ئے ۔ امریکی حکومتی ادارے امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی (یو ایس سی آئی آر ایف) نے مسلمانوں کو چن چن کر شہید کرنے اور ان پر تشدد کی ر پورٹ سامنے آنے پر کہا کہ مودی حکومت انتہا پسند بلوائوں کو رو کے اور مذہبی اقلیتوں کا تحفظ یقینی بنا ئے جبکہ اوآئی سی کے ہیومن رائٹس کمیشن نے کہا کہ کہ ہم معصوم مسلمانو ں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہیں اور بھارتی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں مسلمانوں کا تحفظ یقینی بنائے ۔ ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار ایلزبتھ وارن نے کہا کہ ہم میں اتنی ہمت اور سچائی ضرور ہونی چاہیے کہ اگر بھارت میں کچھ بھی غلط ہو رہا ہے تو اس پر کھل کر بات کر سکیں۔ رکن کانگریس پرملا جیاپل نے کہا کہ بھارت میں مذہب کے نام پر نہتے لوگوں کو مارنا خوفناک اور قابل مذمت ہے ،مسلم رکن کانگریس راشدہ طلیب نے بھی مسلمانوں کے قتل عام کی مذمت کی۔ ایلن لوونتھل نے کہا کہ بھارت جیسے ملک میں انسانی حقوق کی سرعام خلاف ورزی ہو رہی ہے ۔ مودی پر تنقید کرنے پر امریکی مزاحیہ تنقیدی شو’ لاسٹ ویک ٹو نائٹ کی بھارت میں نشریات بند کر دی گئیں ۔