لندن (نیٹ نیوز ) ڈچز آف سسیکس میگھن مرکل کو سرکاری ویب سائٹ پر غلطی سے 'ڈاکٹر' کا خطاب دے دیا گیا۔ڈیلی مرریوکے کے مطابق کمپنیز ہاؤس نے ڈچس آف سسیکس کو مختصر عرصہ کیلئے 'ڈاکٹر' کا خطاب اس وقت دیا جب وہ اور ان کے شہزادہ ہیری نے اپنے سسیکس رائل فاؤنڈیشن کو تحلیل کرنے کیلئے کاغذات داخل کرائے تھے ۔دی سن نے اطلاع دی کہ 38 سالہ سابق ہالی ووڈ اداکارہ کو ایچ آر ایچ اور پھر ڈاکٹر دی ڈچس آف سسیکس کا ٹائٹل دیا گیا تھا ، بعدازاں دونوں ٹائٹل بدھ کے روز ختم کردیے گئے تھے ۔میگھن نے شکاگو کی نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی سے تھیٹر اور انٹرنیشنل سٹڈیز میں بیچلر کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے لیکن ان کے ڈاکٹریٹ یا میڈیکل کی کوئی کوالیفکیشن نہیں ۔ شاہی ذرائع نے دی سن کو بتایا کہ ڈچس یقینی طور پر ڈاکٹر نہیں ۔میگھن کو اب اس معاہدے کے مطابق ایچ آر ایچ کا خطاب استعمال کرنے کی اجازت نہیں جس کے نتیجے میں وہ کام حاصل کرنے کیلئے مارچ میں شاہی عہدے سے دستبردار ہو گئی تھیں ۔ کمپنیز ہاؤس کے ترجمان کے مطابق وہ اس معاملے کا جائزہ لے رہے ہیں۔