لاہور(جنرل رپورٹر)الزائمر کے عالمی دن کے موقع پر معروف نیورو سرجن اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ اس بیماری کے بارے میں ہمیں ملکی سطح شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ لوگوں میں بر وقت آگاہی پیدا ہو اور وہ الزائمر جیسے مرض سے خود کو بچا سکیں۔پروفیسر خالد محمود نے بتایا کہ ماہرین دماغ و ذہنی امراض کے مطابق وٹامن بی 12کی کمی،ذیابیطس،فالج، نیند اور صحت مندانہ سرگرمیوں کی وجہ سے الزائمر کی بیماری لاحق ہو سکتی ہے جبکہ نوجوانوں میں دیر سے سونا و جاگنا اور غیر متواز ن غذاء کا استعمال ذہنی کمزوری کا باعث بنتا ہے ۔ ایسوسی ایٹ پروفیسر نیورالوجی ڈاکٹر محسن ظہیر اور اسسٹنٹ پروفیسر آف نیورالوجی ڈاکٹر شاہد مختار نے عالمی یوم الزائمر پر اپنی گفتگو میں کہا کہ بے خوابی کی شکائیت، صبح نیند سے بیدار ہوتے ہی سر درد، دن بھر بوجھل رہنا، سوتے ہوئے سانس پھولنا، خراٹے لینا بھی حافظے کی کمزوری کی واضح علامات اور وجوہات ہیں، اسی طرح بعض کیسز میں بلند فشارے خون بھی الزائمر کی وجہ بنتا ہے ۔