لاہور،اسلام آباد،پشاور،کراچی(جنرل رپورٹر، نمائندہ خصوصی سے ،نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا حنیف جالندھری نے اعلان کیا ہے کہ کورونا کی وبا میں دینی مدارس بند نہیں کرینگے جبکہ وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس پھیل رہا ہے اسلئے بچوں کی زندگیوں سے نہیں کھیل سکتے ۔گزشتہ روز حنیف جالندھری نے جامعہ زبیریہ پشاور کا دورہ کیا اور اتحاد تنظیمات مدارس کے دیگر مرکزی قائدین کیساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ایس او پیز کے تحت مدارس بند نہیں ہونگے کیونکہ تعلیمی اداروں کی بندش کے فیصلے میں وفاق المدارس سے مشاورت نہیں کی گئی۔ تحریک انصاف کی حکومت نااہل ہے ۔ جامعہ زبیریہ پر حملہ تمام مدارس پر حملہ ہے ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے مزید کہا کہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں ہو رہا تھا، بچے وبا پھیلانے کی وجہ بن سکتے ہیں، اس وجہ سے تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ کیا۔دریں اثنا وفاق المدارس الشیعہ کے ترجمان نصرت علی شاہانی نے بھی واضح کیا کہ ملحقہ دینی تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ دوسری جانب سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے خصوصی گفتگو میں کہا کہ ضرورت پڑی تو سندھ حکومت سکولزبند کرنے سے متعلق اپنا فیصلہ کر سکتی ہے ، وفاق سے ضد کا تاثر نہیں دینا چاہتے ۔ادھر پنجاب بھر میں کل 26 نومبر سے تعلیمی اداروں کی بندش کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔این سی او سی کی ہدایات کی روشنی میں اساتذہ اور ان لائن تعلیم سے متعلق الگ نوٹیفکیشن جاری کیا جائیگا ۔ٹیوٹا کے طلبہ کی آن لائن تعلیم اور جاب ٹریننگ کا سلسلہ جاری رہیگا ۔پنجاب بھر کے 726 کالجز کو آن لائن کلاسز شروع کرنے کی ہدایات بھی دیدی گئیں۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کی جانب سے طلبہ کو موسم سرما کا ہوم ورک بھی جاری کردیا گیا ۔ اعلان کردہ پالیسی کے مطابق50 فیصد نمبر ہوم ورک اور باقی50 فیصد کارکردگی کی بنیاد پر طلبہ کو پروموٹ کیا جائیگا۔ دریں اثنا علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے کل سے تمام شیڈول امتحانات بی اے ، ایسوسی ایٹ ڈگری، بی ایس پوسٹ گریجوایٹ ڈپلومہ،بی ایڈ، ایم ایڈ،ایم اے ، ایم ایس سی امتحانات ملتوی کر دیئے ۔علاوہ ازیں پنجاب یونیورسٹی نے ایسوسی ایٹ ڈگری آرٹس اینڈ سائنس پارٹ ون اور ٹو ،بی اے بی ایس پارٹ ون اور پارٹ ٹو، ایم اے ایم ایس سی پارٹ ون کے امتحانات کو تاحکم ثانی ملتوی کردیا۔