لاہور(سٹاف رپورٹر)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وفاق المدارس العربیہ پاکستان سے منسلک طلباء میں اعزازی شیلڈز دیکر بہت ہی عمدہ اقدام اٹھایا ہے ۔ دینی مدارس کے طلباء عظیم صلاحیتوں کے مالک ہیں ۔مدارس کے نوجوان ملک کو ترقی وخوشحالی میں لے جانے اور پاکستان سے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے اپنا فعال کردار اداکرسکتے ہیں۔ آرمی چیف کا دینی مدارس کے طلباء سے ملنا اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو اعزازی شیلڈز دینا اور ان کو مبارکباد اورحوصلہ افزائی کرنا قابل تحسین عمل ہے ۔ حکومت اور مدارس کے درمیان معاملات میں آرمی چیف کاضامن بننا یہ اُس سلسلہ کی پہلی کڑی ہے ۔ انشاء اﷲ پاکستان کے مدارس عربیہ کے طلباء تعلیم کے ہر میدان میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کررہے ہیں اور جو توقعات پاکستان کی قوم مدارس سے وابستہ کئے ہوئے ہے یہ نوجوان مثبت تبدیلی لاکر اپنا فعال کردار اداکریں گے ۔یہ بات علماء کونسل کے چیئرمین اور انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستا ن کے سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ علماء کونسل آرمی چیف کے اس اقدام پر ان کے شکر گزار بھی ہیں اور مدارس کے طلباء کی حوصلہ افزائی کرنے پر آرمی چیف کو خراج تحسین بھی پیش کرتے ہیں ۔