لاہور، اسلام آباد ، قصور، وہاڑی ، فیصل آباد ( اپنے سٹاف رپورٹر سے ، لیڈی رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر) لاہور سمیت پنجاب بھر کے مختلف اضلاع ، خیبر پی کے ، کشمیر، بلوچستان میں ژوب اور اسلام آباد میں تیزہوائوں کے ساتھ بارش ہوئی، دیگر علاقوں میں موسم خشک رہا۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہو گیا، لیسکو کے 66سے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے ، مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی ، بعض ایس ڈی اوز سمیت افسران نے صارفین کی شکایت تک موصول نہ کی ۔شہر بھر میں بارش کا سلسلہ جاری،بارش کے باوجود وارڈنز ٹریفک کو رواں دواں رکھے ہوئے ہیں۔سی ٹی او کیپٹن(ر) سید حماد عابد نے ڈی ایس پیز کو واسا انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی،نشیبی اور مصروف شاہراہوں پر وارڈنز کی اضافی نفری بھی بڑھا دی گئی۔ ملکہ کوہسار مری میں گذشتہ رات سے طوفانی ہوائوں ،شدید گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری نے ہر طرف جل تھل کردیا حالیہ شدید بارشوں کے باعث درجنوں مقامات پر لینڈسلائیڈنگ کی زدمیں آگئے جبکہ تین سرکاری سکولوں سمیت متعدد مکانات بھی تباہ ہوگئے اور بیسیوں مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، بالائی پنجاب، بالائی خیبر پی کے ، گلگت بلتستان اورکشمیر میں آج جمعہ کو بھی بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے ، خیبر پی کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، دیر، کوہستان، بونیر اور سوات میں بارش اور برف باری کا امکان ہے ، پنجاب میں لاہور ، گوجرانوالہ، ساہیوال، فیصل آباد، سرگودھا، راولپنڈی، چکوال، جہلم، میانوالی، اٹک، سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہائوالدین، بھکرجھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور بہاولنگر میں بارش کا امکان ہے ۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں بارشوں نے تباہی مچا دی، دو کمسن بہن بھائی سمیت3افراد جاں بحق ہوگئے ، گاؤں حاجی مورہ میں مکان کی چھت گرنے سے بہن بھائی چل بسے ، کڑی خیسور میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے خاتون جاں بحق ہوگئی۔ قصور میں چھا نگا ما نگا کے نوا ح دھو پ سڑ ی میں بو سید ہ چھت گر نے سے دو خوا تین اور کمسن بچہ ز خمی ہو گئے ۔ ژوب میں مکان کی چھت گرنے سے تین بہن بھائی جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے ۔ مظفر گڑھ کے علاقے چوک سرور شہید میں میں چک نمبر568میں مکان کی چھت گرنے کی وجہ سے 4سالہ بچہ سبحان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا ، دو خواتین شدید زخمی ہو گئیں ، چوک سرور شہید کے نواحی چک نمبر 632 ٹی ڈی اے میں چھت گرنے سے خاتون جاں بحق ہوگئی۔ فیصل آباد میں چھتیں،دیواریں گرنے اورکرنٹ لگنے سے 3افراد جاں بحق اور کمسن بچوں اورخواتین سمیت15زخمی ہو گئے ، گاؤں 88 گ ب میں چھت گرنے سے شاہد اور نیاز چل بسے ، شورکوٹ کے صابر چوک میں بارش کے پانی میں کرنٹ آنے سے حسنین چل بسا۔