لاہور(اپنے رپورٹر سے )وزیر بلدیات پنجاب عبدالعلیم خان نے پنجاب کے دیہی علاقوں کیلئے ویسٹ مینجمنٹ اور سینی ٹیشن کے ماڈل منصوبوں کی منظوری دے دی جس کے تحت پہلے مرحلے میں ہر ضلع کے 2دیہاتوں میں کوڑا کرکٹ اکٹھا کرنے ،اسے ٹھکانے لگانے اور گاؤں میں صفائی کے مربوط نظام پر عمل کیا جائے گا جس کیلئے مقامی آبادی کی شمولیت کو بھی یقینی بنایا جائے گا ۔ عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس منصوبے کو خود کفیل بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے معمولی سروس چارجز بھی عائد کیے جائیں گے جبکہ ایک گاؤں کو آبادی کے لحاظ سے یونین کونسل کی یونٹ میں تقسیم کیا جائے گا جہاں 3رکنی رکشہ ٹیم دیہی آبادی سے کوڑا کرکٹ اکٹھا کرے گی ، انہوں نے کہا کہ دیہاتوں کی تنگ گلیوں سے ہتھ ریڑھی کے ذریعے کوڑا کرکٹ باہر لایا جائے اور کولیکشن ٹیم میں مقامی لوگوں کو روزگار بھی فراہم ہوگا ،وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ ڈرائیور اور سینٹری ورکرسمیت کسی کی تنخواہ 20ہزار سے کم نہیں ہونی چاہیے اوران ملازمین کی مقامی سطح پر ہی مانیٹرنگ کو بھی یقینی بنایا جا نا چاہیے ۔وزیر بلدیات پنجاب کو اعلیٰ سطحی اجلاس میں سیکرٹری بلدیات کیپٹن (ر) سیف انجم نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے کا ابتدائی کام مکمل ہو چکا ہے اوران کی ہدایات کی روشنی میں جلد ہی مزید عملی اقدامات کا آغاز کر دیا جائے گا ، اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ محمود جاوید بھٹی اور دیگر افسروں نے رورل سینی ٹیشن پروگرام کی تفصیلا ت سے آگاہ کیا۔