لاہور(وقائع نگار،92نیوزرپورٹ، آ ن لائن ،نیٹ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ن لیگ کے اراکین پنجاب اسمبلی کی ملاقات ہوئی،ملاقات کرنے والوں میں شیخوپورہ سے جلیل شرقپوری ،گوجرانوالہ سے چودھری اشرف علی انصاری جب کہ نارووال سے ن لیگی رکن صوبائی اسمبلی غیاث الدین شامل ہیں۔ خانیوال سے منتخب ہونے والے رکن پنجاب اسمبلی فیصل خان نیازی اور چودھری اشرف انصاری کے بھائی چودھری یونس نے بھی ملاقات کی ہے ۔اراکین صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اراکین اسمبلی کو مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میرے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں، جائز مسائل فوری حل کیے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اراکین پنجاب اسمبلی میرے دست و بازو ہیں، انہیں عزت و احترام دیں گے ، نئے پاکستان میں کرپشن اور کرپٹ عناصر کی کوئی گنجائش نہیں۔ ن لیگی اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کے دوران کہا کہ آپ کی قیادت اور پالیسیوں پر پورا اعتماد ہے ۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے چیچہ وطنی کے قریب کمالیہ روڈ پر ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کی ونری اکیڈمی کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے اکیڈمی کا دورہ کیا،مختلف حصے دیکھے اورسٹاف سے ملاقات کے دوران تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے ۔ تربیتی اکیڈمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور میں وٹرنری اکیڈمی کا قیام خوش آئند امر ہے ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ سے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اورعوام کو ریلیف دینے کیلئے کئے گئے اقدامات پر بات چیت ہوئی اور ورکنگ ریلیشن کے امور بھی زیربحث آئے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور سپیکر چودھری پرویز الٰہی کی جانب سے قومی اداروں کو متنازعہ بنانے کی مذموم کوشش کی مذمت کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اداروں کے خلاف ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا اور قومی اداروں کی عزت پر کوئی حرف نہیں آنے دیں گے ۔