لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نا جائز منافع خور اور ذخیرہ اندوز کسی نرمی کے مستحق نہیں ،ناجائز منافع خوروں اورذخیرہ اندوزوں کی جگہ جیل ہے ،ان سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔وزیراعلیٰ نے صوبائی پرائس کنٹرول ٹاسک فورس کو ہدایت کی کہ ناجائز منافع کے نام پر عوام کو لوٹنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ، مصنوعی مہنگائی پیدا کرکے صارف کی جیب پرڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، سبزیوں، پھلوں اور دالوں کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں پرائس کنٹرول کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کی خود نگرانی کریں، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور کوالٹی کو باقاعدگی سے چیک کیا جائے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ سے راولپنڈی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سید تنویر سہیل شاہ کی قیادت میں وفدنے ملاقات کی،راولپنڈی بار ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیراعلیٰ کو مسائل سے آگاہ کیا،وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی راولپنڈی بار ایسوسی ایشن کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ میں خودوکیل ہوں اوروکلاء کے مسائل بخوبی جانتا ہوں،پنجاب کی بار ایسوسی ایشنزکے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ۔ادھر عالمی رضاکاردن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ رضاکارانہ خدمات سر انجام دینے والے لوگ معاشرے کیلئے مثالی حیثیت رکھتے ہیں،عوامی بھلائی کے کاموں میں مصروف ایدھی، اخوت، کشف اور دیگر فلاحی تنظیمیں مبارکباد کی مستحق ہیں۔دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے سیالکوٹ کے علاقے میں وکیل سجاد حسین کے قتل کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے آرپی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی ۔