لاہور (اپنے خبر نگار سے ) نیشنل کالج آف آرٹس اور عبدالسمیع ٹرسٹ کلینک کے زیر اہتمام ذہنی صحت سے متعلقہ آگاہی کے لئے این سی اے شاکر علی آڈیٹوریم میں ایک معلوماتی سیمینار منعقد کیا گیا۔ جس میں کالج فیکلٹی، عبدالسمیع ٹرسٹ کلینک کے عہدیداران اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ سیمینار کا آغاز ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی تیار کردہ ذہنی امراض سے متعلقہ معلوماتی ڈاکومنٹری فلم سے کیا گیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سائیکاٹرسٹ ڈاکٹر علی اعواب نے کہا کہ پاکستان میں ذہنی صحت سے متعلق آگاہی بہت کم ہے جس سے ذہنی بیماریوں کی بروقت تشخیص اور علاج میں مشکل پیش آتی ہے اور اس حوالے سے این سی اے کی جانب سے سیمینار کا انعقاد کیا جانا قابل ستائش ہے ۔ سیمینار کے اختتام پر ڈاکٹر علی اعواب نے طلبہ کے سوالات کے جوابات بھی دیئے ۔