لاہور،اسلام آباد (جنرل رپورٹر،لیڈی رپورٹر) دنیا بھر سمیت پاکستان میں ذیابیطس کا عالمی دن منایا گیا ، محکمہ صحت پنجاب کے زیر اہتمام تمام سرکاری ہسپتالوں میں تقریبات،سیمینارز اور کانفرنسز اور آگاہی واکس کااہتمام کیاگیاجبکہ دنیا بھر میں جمہوریت کاعالمی دن اور سگریٹ نوشی سے انکار کا عالمی دن آج منایاجائیگا۔لاہور پریس کلب میں ذیابیطس کے مرض کے حوالے سے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ممبران اور ان کے اہل خانہ کی کثیر تعداد نے طبی معائنہ اور ٹیسٹ کروائے ۔ ذیابیطس کے حوالے سے شہر کے مختلف مقامات پر آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ میو ہسپتال میں ذیابیطس سے بچاؤ کی مناسبت سے آگاہی واک کا انعقاد کیا۔ کنگ ایڈورڈ یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود کی سربراہی میں شوگر کا عالمی دن منایا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر منیر احمد کی سربراہی میں آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا ۔واک میں ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ہارون جہانگیر,پروگرام مینیجر این سی ڈی ڈاکٹر فاروق منظور,ڈپٹی پروگرام مینیجر ڈاکٹر سبین,ڈاکٹر احمد ندیم,ڈاکٹر اظہر سلیمی,ڈاکٹر خالد محمود,ڈاکٹر محمد حسین نقوی اور رائوعالمگیرنے شرکت کی۔