لاہور، ساہیوال(سپیشل رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک) آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کوساہیوال واقعہ کی رپورٹ پیش کر دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق سی ٹی ڈی نے حساس ادارے کی جانب سے ملنے والی موثر اطلاع پر آپریشن کیا جس کے نتیجے میں کالعدم تنظیم داعش سے منسلک 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے ۔ترجمان کے مطابق ہفتے کی دوپہر 12 بجے کے قریب ٹول پلازہ کے پاس سی ٹی ڈی ٹیم نے ایک کار اور موٹرسائیکل کو روکنے کی کوشش کی، جس پر کار میں سوار افراد نے پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کردی۔سی ٹی ڈی نے اپنے تحفظ کیلئے جوابی فائرنگ کی۔ جب فائرنگ کا سلسلہ رکا تو دو خواتین سمیت 4 دہشتگرد ہلاک پائے گئے جبکہ 3 دہشتگرد موقع سے فرار ہوگئے ۔سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی فیصل آباد میں 16 جنوری کو ہونے والے آپریشن کا تسلسل ہے اور سی ٹی ڈی کی ٹیم ریڈ بک میں شامل دہشتگردوں شاہد جبار اور عبدالرحمان کا تعاقب کر رہی تھی۔یہ دہشت گرد چیکنگ سے بچنے کیلئے خاندان کے ساتھ سفر کرتے تھے ۔دہشتگردوں سے ہتھیار ڈالنے کو کہا گیا لیکن انہوں نے فائرنگ کردی، جس کے بعد دہشتگرد شاہد جبار، عبدالرحمان اور اس کا ایک ساتھی موٹرسائیکل پر سوار ہوگئے جبکہ سی ٹی ڈی ٹیم نے موقع سے خودکش جیکٹ، ہینڈ گرنیڈ اور رائفلز سمیت دیگر اسلحہ قبضے میں لے لیا۔ ایک دہشتگرد کی شناخت ذیشان کے نام سے ہوئی جو کالعدم تنظیم داعش کا مقامی سرغنہ تھاجبکہ عدیل فیصل آباد آپریشن میں ہلاک ہوا تھا۔مارے گئے افراد پنجاب میں داعش کے سب سے خطرناک دہشتگردوں میں شامل تھے اور یہی دہشتگرد امریکی شہری وارن وائن سٹائن اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کے اغوا میں بھی ملوث تھے ۔داعش سے منسلک اس نیٹ ورک نے ملتان میں حساس ادارے سے منسلک تین افسران اور فیصل آبادمیں ایک پولیس آفیسر کو ہلاک کیا تھا۔