لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک کے اعلیٰ سطحی وفد نے چونیاں میں مقتول بچوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی ۔ وفد نے غمزدہ والدین کو دلاسہ دیا اور سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ افسوسناک واقعہ کے ذمہ داران کو فوری گرفتار کرکے نشان عبرت بنایا جائے ۔ وفد میں سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور، نوراللہ صدیقی،حاجی امین انصاری،قاری ریاست و دیگر رہنما شامل تھے ۔ خرم نواز گنڈا پور نے اس موقع پر غمزدہ والدین اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر المیہ کے پیچھے پولیس کی بے حسی نظر آتی ہے ۔ جس واقعہ کو میڈیا رپورٹ کرتا ہے حکومتی مشینری حرکت میں آ جاتی ہے ۔ سانحہ چونیاں ایک ہولناک المیہ ہے ،ملزموں کا جلدسراغ لگا کر انہیں نشان عبرت بنایا جائے ۔