اسلام آباد(سہیل اقبال بھٹی)وفاقی حکومت نے مالی مشکلات اور بجٹ سپورٹ کیلئے پارک کے علاوہ ایئرپورٹ اور اہم شاہراہ گروی رکھ کراجارہ سکوک بانڈ کے ذریعے 500 ارب روپے سے زائد قرض لینے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ایف نائن پارک اسلا م آباد کوگروی رکھنے کے حوالے سے وزارت خزانہ نے 92 نیوز کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گل کی ٹویٹ کی نفی کردی ہے ۔وزارت خزانہ کی درخواست پر سی ڈی اے نے ایف نائن پارک گروی رکھنے کیلئے این او سی جاری کردیا ہے ۔ایف نائن پارک کے بعد علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور اور اسلام آباد ہائی وے کو گروی رکھ کر مزید قرضہ لیا جائے گا۔وفاقی کابینہ کی جانب سے وزارت خزانہ کی سمری پرکل منظوری دئیے جانے کا امکان ہے ۔92 نیوز نے باخبر باوثوق روایت برقرار رکھتے ہوئے 23جنوری کو خبر بریک کی۔ دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت نے ایف نائن پارک اسلام آباد کو گروی رکھ کر قرض لینے کا فیصلہ لیا۔ وزارت خزانہ نے 92 نیوز کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے معاون خصوصی شہباز گل کی ٹویٹ کی نفی کردی۔شہباز گل سوشل میڈیا پر معاشی امور سے متعلق دعووں میں مصروف ہیں۔ایف نائن پارک کو گروی رکھ کر قرض لینے کی سمری وفاقی کابینہ کے آئندہ ایجنڈے میں شامل ہے ۔ 750ایکڑ پرمشتمل سب سے بڑے پارک کے عوض اجارہ سکوک بانڈ جاری کیے جائینگے ۔ اس حوالے سے سی ڈی اے کی جانب سے این او سی جاری کیا جاچکا ہے ۔ایف نائن پارک کے بعد لاہور انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور اسلام آباد ہائی وے کو گروی رکھ کر قرض لیا جائے گا۔گزشتہ سال جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو گروی رکھ کر500ارب روپے قرض لیا جاچکا ہے ۔ مئی 2020 ئمیں سرکاری بجلی کی کمپنیوں کو گروی رکھ 200ارب روپے قرض لیا گیا ۔ ڈومیسٹک اینڈ انٹرنیشنل اجارہ سکوک بانڈز کے اجرا کیلئے 3 بینکوں کاکنسورشیم بن چکا ہے ۔