اسلا م آباد ،لاہورکراچی،کوئٹہ،پشاور،واشنگٹن (خبر نگار خصوصی،نامہ نگار،جنرل رپورٹر،سٹاف رپورٹر، خبر نگار ،92نیوز رپورٹ، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں کورونا سے مزید8افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی تعداد6588ہو گئی جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں531نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد319848ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد 8651ہو گئی۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی اوسی کے اجلاس میں کورونا ٹیسٹنگ، سمارٹ لاک ڈاؤن اور حفاظتی تدابیر کے موجودہ پیٹرن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بتایا گیا کہ 103 اضلاع میں 3 ہزار 497 مقامات پرسمارٹ لاک ڈائون کیا گیا۔ اسد عمر نے کہا کہ حکومتی اقدامات اور عوام کے بھرپورتعاون کے نتیجے میں قیمتی جانوں کو بچانے اور کورونا کو روکنے میں کامیابی ملی ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کورونا کی ممکنہ دوسری لہر سے نمٹنے کیلئے احتیاطی اقدامات ضروری ہیں۔ قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق ماسک کا استعمال لازمی ہوگا۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پرشادی ہالز اور ریسٹورنٹس کیخلاف کارروائی کی گئی۔ ذرائع کے مطابق قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں این سی او سی نے ملک بھر میں اجتماعات پر پابندی لگانے کی سفارش کی جبکہ کورونا کے پھیلائو کی روک تھام کیلئے صوبوں سے مشاورت کے بعد اجتماعات، کھیل اورتفریحات سے متعلق نئی گائیڈ لائنز جاری کردی ہیں۔ نئی گائیڈ لائنز کے مطابق عوامی اجتماعات سے اجتناب کیاجائے کیونکہ ثقافتی ، مذہبی اورسیاسی اجتماعات عوامی اجتماعات کے زمرے میں آتے ہیں۔عوامی اجتماعات میں ان ڈور اورآئوٹ ڈور شامل ہیں۔ کورونا کی شرح بڑھنے والے شہروں میں عوامی اجتماعات پر پا بندی ہوگی۔ ناگزیر عوامی اجتماع میں ایس او پیز کا خیال رکھاجائے ۔ ان ڈور تقریب میں زیادہ سے زیادہ 500 لوگوں کی شرکت ہو۔ ایسی تقریب کا دورانیہ 3 گھنٹے سے زیادہ نہیں ہوناچاہئے ۔ان ڈور تقریب کے تمام شرکا بیٹھیں گے کوئی کھڑا نہیں ہوگا۔کرسیوں کے درمیان میں کم سے کم تین فٹ کا فاصلہ ہوگا۔ آئوٹ ڈورتقریب میں سماجی فاصلہ برقرار رکھاجائے ،اس کا دورانیہ بھی 3 گھنٹے سے زیادہ نہ ہو۔سڑکوں ،گلیوں میں ریلیوں اور واکس سے اجتناب کیاجائے ۔بچوں اورمعمر افراد کی عوامی تقریبات میں شرکت کی حوصلہ شکنی کی جائے ۔ اجتماعات میں ہاتھ ملانے ، گلے ملنے اورکھانا کھانے سے پرہیز کیاجائے ۔ پانی پینے کی سہولیات کو مناسب فاصلوں پررکھاجائے ۔آؤٹ ڈور ایونٹس کے داخلی و خارجی راستوں سے متعلق اقدامات کئے جائیں۔دریں اثنا اسلام آباد کے مزید 5 تعلیمی اداروں کو 10کورونا کیسز کی تصدیق ہونے پرسیل کر دیا گیا۔ادھرخیبر پختونخوا کے تعلیمی اداروں میں مزید21 کیس رپورٹ ہوئے ۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں جام کمال نے تصدیق کی کہ انکا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ۔ ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کہا کہ جام کمال کی صحت بہتر ہے لیکن وہ 14 روز کیلئے خود کو قرنطینہ کرینگے ۔ دنیا میں کورونا سے 1088838اموات ہو گئیں ۔امریکہ میں مریضوں کی تعداد 8071006 ہوگئی،مزید523اموات کے بعد220534جان کی بازی ہار چکے ۔ وائٹ ہاؤس کے ڈاکٹرز نے امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کے کورونا سے صحت یاب ہونے کی تصدیق کردی ۔ ٹیسٹ لگاتار منفی آنے پر ڈاکٹر نے ٹرمپ کو عوامی اجتماعات میں جانے کی اجازت دیدی جبکہ ابھی قرنطینہ کے 14 دن بھی مکمل نہیں ہوئے تھے ۔بھارت میں 63430نئے کیس سامنے آئے ، مزید723چل بسے ،کل 110617 ہلاک ہوچکے ۔روس میں ایک روزمیں سب سے زیادہ244 ہلاکتیں ہوئیں جبکہ 13868 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔ایران میں مزید254 افراد انتقال کر گئے ۔برطانیہ میں جون کے بعد ایک روز میں سب سے زائد143 مریض ہلاک ہوگئے ۔متحدہ عرب امارات میں منگل کوسب سے زیادہ 1315نئے مریض سامنے آئے ۔وزیراعظم ہالینڈ نے جزوی لاک ڈائون کا اعلان کر دیا جس کے تحت بارز ،ریسٹورنٹس اورکیفے بند رہینگے ۔