اسلام آباد،نارووال، فیصل آباد ( خبر نگار خصوصی ،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں )ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے خطاب پراپنے ردعمل میں کہاہے اڑھائی سالہ کارکردگی پر عمران خان کو فخر نہیں، شرم آنی چاہئے ،ملک کا وزیراعظم آٹا ،چینی، بجلی، گیس چور ہو تو عوام تباہ ہوتی ہے ،اڑھائی سال میں 40 لاکھ لوگوں کو بیروزگار کرنے پرفخرنہیں شرم آنی چاہئے ،اڑھائی سال میں ترقی کی شرح 5.8 سے منفی 0.4 پرآنا شرم کی بات ہے ، اڑھائی سال میں مہنگائی 3سے 16 فیصدکرنافخر نہیں شرم کی بات ہے ۔ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ورکن قومی اسمبلی احسن اقبال نے نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہمارا جہانگیرترین کیساتھ کوئی رابطہ نہیں،ہم تو منتظر ہیں سلیکٹڈ وزیر اعظم کب جہانگیر ترین کو این آر او دیتے ہیں، اس وقت حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ،اخبارات میں اشتہار دینا پڑے گا حکومت کہاں گئی؟حکومت کے پاس عیاشی کیلئے پیسے ہیں لیکن ویکسین کیلئے نہیں ۔مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر راناثناء اﷲ نے کہاہے جہانگیر ترین 24گھنٹوں میں حکومت گر اسکتے ہیں۔حکومت کے باغی ارکان رابطے میں ہیں، اُنہیں غیرمشروط طورپر گلے لگانے ، مرکزاورپنجاب میں حکومت بنانے کافیصلہ نوازشریف کریں گے ۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم کی تقریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے نیازی صاحب کا اڑھائی سالہ اقتدار عوام پر عذاب ہے ۔ ان کے اقتدار میں مودی نے کشمیر کو بھارت کا حصہ بنایا۔ انہوں نے وعدہ کیا تھا وہ خودکشی کرلیں گے مگر آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے ، دنیا نے دیکھا عمران خان نے معیشت آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دی۔ نیازی صاحب یہ کیسی فلاحی ریاست اور انصاف ہے کہ آپکا گھر تو ریگولرائز ہوتا ہے مگر غریبوں کی جھونپڑیاں مسمار ہوتی ہیں۔ کہاں ہیں وہ دو سو ارب ڈالر، ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر؟ عمران خان کے اقتدار کے حوالے سے دنیا یہی کہے گی وہ نالائق تھا اور نااہل بھی، جو آئے ، تباہی کی اور چلے گئے ۔ پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا ہے عمران نیازی کی کورونا سے نمٹنے کی’’گھبرانا نہیں‘‘ پالیسی نے ملک کو خطرے میں ڈال دیا ۔لوگ کورونا ویکسین کیلئے خوارہو رہے ،ادویہ قیمتوں میں اضافہ عوام دشمنی ہے ۔پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے وزیراعظم پہل کریں اور سارک کانفرنس بلانے کی تجویز پیش کریں۔ اجتماعی کوششوں سے ہی خطے کو کورونا سے نجات دلا سکتے ہیں۔ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے کہا وزیراعظم کی الزام تراشی کی ذہنیت نہ بدلی جا سکی۔ ملکی تاریخ کے ریکارڈ قرضے ،ملکی ترقی منفی میں ،ترقیاتی کام ختم ،چینی مافیا کی سرپرستی ،گندم چوروں کا ساتھ ،دوائیوں میں اربوں کا غبن ، کشمیر کی سودا گری ،اسرائیل کو تسلیم کرنے کی مکروہ کوششیں نیازی سرکار کی پچیس سالہ جدوجہد کی سیاہ داستان ہے ۔ریاست مدینہ کے دعویداروں کو عوام کا کوئی خیال ہی نہیں ۔