کراچی،اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر ،خبر نگار) بینکنگ کورٹ نے جعلی اکائونٹس کیس اور اربوں روپے میگا منی لانڈرنگ کیس میں نامزد پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف زرداری، ان کی بہن فریال تالپور اور دیگرملزمان کی عبوری ضمانت میں 15 مارچ تک توسیع کردی۔ عدالت نے آصف زرداری کی ایک روز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیا،جبکہ عدالت نے مقدمے کی منتقلی پرفیصلہ محفوظ کرلیا۔ ادھر جعلی بینک اکائونٹس کیس میں نیب نے دوسری پیشرفت رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہے ۔نیب کی رپورٹ سربمہر لفافے میں سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی ۔نیب کی جانب سے کی گئی حالیہ گرفتاریوں اور ریکارڈ بیانات بھی رپورٹ کا حصہ بنائے گئے ہیں۔