اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے کہا ہے کہ جنگ میں پاک فوج کی سٹرائیک کورکاکردارفیصلہ کن ہوتاہے ،پاک افواج ہرطرح کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کیلئے ہمہ وقت تیارہے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے بہاولپور کے قریب سٹرائیک کورکادورہ کیا اور سرمائی تربیتی مشقیں دیکھیں،مشقوں میں پاک فضائیہ اورسعودی زمینی افواج کے دستے بھی شریک تھے ۔آرمی چیف نے ٹرانس فرنٹیئرآپریشنزکابھی جائزہ لیا اورپاک فضائیہ سمیت تمام شرکا کے تربیتی معیارکی تعریف کی۔اس موقع پر آرمی چیف نے کہا جنگ میں پاک فوج کی سٹرائیک کورکاکردارفیصلہ کن ہوتاہے ،مشق سے سٹرائیک کورکوانتہاتک صلاحیتیں آزمانے کاموقع ملتاہے ،ایسی مشقیں حربی صلاحیتوں کونکھارنے میں مدددیتی ہیں،پاک فوج کے جوانوں سے جرنیلوں تک سب بھرپورتربیت یافتہ ہیں،پاک افواج ہرطرح کے چیلنجزسے نبردآزماہونے کیلئے ہمہ وقت تیارہے ۔پاک فضائیہ کے سینئرحکام اورڈپٹی کمانڈر سعودی بری فوج جنرل احمد بن عبداللہ نے بھی مشق کا معائنہ کیا۔