واشنگٹن( ندیم منظور سلہری سے ) امریکہ میں مقیم مسلم کیمونٹی نے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کی وجہ سے "ہیٹ کرائم "کی وارداتوں میں اضافہ ہوا، صدر ٹرمپ نے اپنے تین سالہ عرصہ اقتدار کے دوران مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھنے کے علاوہ انہیں امریکی سسٹم سے الگ کرنے کی کوششیں کیں اور مخصوص فرقوں کو خوش کرنے کیلئے مسلمانوں کے خلاف سخت قوانین لاگو کئے ۔ریاست منی سوٹا سے منتخب امریکی کانگریس کی رکن الہان عمر کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ مسلمانوں سے نفرت کرتے ہیں صدر ٹرمپ نے مسلمانوں کے ساتھ سیکنڈ کلاس سٹیزن کی پالیسی اپنا رکھی ہے جو کہ امریکی آئین اور قانون کی سراسر خلاف ورزی ہے اگلے سال ہونے والے صدارتی الیکشن میں مسلم کیمونٹی کی اکثریت صدر ٹرمپ کے مخالف امیدوار کو ووٹ دے گی ۔مشی گن سے منتخب ہونے والی کانگریس کی رکن راشدہ طیب کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کا تین سالہ دور اقتدار نہ صرف مسلم کیمونٹی بلکہ پورے امریکہ کے لیئے بھیانک اور ناکامیاں سے بھرپور رہا ہے ۔